ہائی پرفارمنس سینٹر کی استعداد بڑھانے کیلئے ثقلین، بریڈ برن کی تقرری

May 29, 2020

ہائی پرفارمنس سینٹر کی استعداد بڑھانے کیلئے ثقلین، بریڈ برن کی تقرری

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نو نیوزی لینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر گرانٹ بریڈ برن اور ماضی کے عظیم آف اسپنر ثقلین مشتاق کی ہائی پرفارمنس سینٹرمیں تقرریاں کرنے کی تصدیق کی ہے۔ جمعرات کو پی سی بی نے اعلان کیا کیا کہ گرانٹ بریڈ برن کی ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ اور ثقلین مشتاق کی بطور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ کی حیثیت سے تقرر کیا گیا ہے۔ دوسابق ٹیسٹ کرکٹرز کے علاوہ لمز سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے، عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنز منیجر مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیز میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔ یہ تقرریاں، ہائی پرفارمنس سنٹر کی ری اسٹرکچرنگ کا حصہ ہیں۔ گرانٹ اس وقت پاکستانی ٹیم کے فیلڈنگ کوچ تھے۔ پی سی بی قومی کرکٹ ٹیم کے سپورٹ اسٹاف میں گرانٹ بریڈ برن کے متبادل کا فیصلہ جلد کردے گا۔ گرانٹ کا مقصد نوجوانوں، خواہشمند سپورٹ اسٹاف اور کھلاڑیوں کو ایک واضح راستہ فراہم کرنا ہے۔ اس سے قبل ندیم خان کو ڈائریکٹر ہائی پر فارمنس مقرر کیا گیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا وہ پراعتمادہیں کہ ندیم خان، گرانٹ بریڈ برن اور ثقلین مشتاق مل کر ایسے پروگرامز اورنظام متعارف کروائیں گے، جس سے ہائی پرفارمنس سنٹر کے نئے مقاصد تیار ہوں گے جو بالآخر اسے سنٹر آف ایکسلینس بنائیں گے۔ یہ تقرریاں مدثر نذر،علی ضیاء اور ہارون رشید کی جگہ کی گئی ہیں۔ پی سی بی نے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں تقرریاں، تعیناتی کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہیں۔ گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں۔ وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں۔1990سے 2001 تک 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل نیوز ی لینڈ مینز اے اور انڈر 19 ٹیموں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔ گرانٹ بریڈ برن، ایک لیول تھری کوچ ہیں۔ وہ اس نئے عہدے پر ملک بھر کے ہائی پرفارمنس سنٹرز میں سپورٹ عملے کے مجموعی معیار کو بڑھانے کے ذمہ دار ہوں گے۔ ثقلین مشتاق کا انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر 1995 سے 2004 پر محیط رہا۔ ان کی ذمہ داریوں میں کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی ڈویلمپنٹ اور تیاری اس انداز میں شامل ہوگی کہ وہ ورلڈکلاس کرکٹرز بن سکیں۔ ثقلین مشتاق کو ’’دوسرا‘‘ کا موجد کہا جاتا ہے۔18برس کی عمر میں انہوں نے ون ڈے انٹرنیشنل کے ایک کلینڈر ائیر میں 65 وکٹیں حاصل کرکے ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے اگلے ہی برس ایک کلینڈر ایئر میں 69 وکٹیں لے کر ایک نیا ریکارڈ بنایا جو اب تک برقرار ہے۔ ثقلین مشتاق لیول تھری کوچ بھی ہیں۔ ماضی میں وہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ اسپن بولنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا کہ ہائی پرفارمنس سنٹر پاکستان کرکٹ کی سمت کا تعین کرے گا۔ پی سی بی کا مقصد قومی کرکٹ ٹیم کو دوبارہ ٹاپ رینکنگ میں پہنچانا اور اس کا سنہری دور واپس لانا ہے، اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔