پاکستان نژاد واجد خان برنلے کے میئر منتخب ہوگئے

May 29, 2020

راچڈیل (نمائندہ جنگ) برطانوی تاریخ میں دوسری مرتبہ ایک ڈرائیور کا بیٹا کسی شہر کا میئر بن گیا اس سے قبل صادق خان جو ایک بس ڈرائیور کے بیٹے ہیں برطانوی دارالحکومت کے میئر بنے اب واجد خان جو ضلع گجرات پنجاب پاکستان کے رہائشی ہیں اور ان کے والد ایک ٹیکسی ڈرائیور تھے برنلے کے میئر منتخب ہو گئے، واجد خان نے اپنی سیاست کا آغاز لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے کیا 2017 سے لے کر 2019تک شمالی مغربی انگلینڈ کے یورپی حلقے سے یورپی یونین پارلیمنٹ کے ممبر کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں وہ خارجہ امور کی کمیٹی اور ہیومن رائٹس کمیٹی کے علاوہ جزیرہ نماز عرب اور جنوبی ایشیا کے وفود میں بھی شامل رہے واجد خان لنکا شائر کے علاقہ برنلے میں پیدا ہوئے وہ اپنی اہلیہ اور دو بچوں کیساتھ اسی علاقہ میں رہائش پذیر ہیں ممبر پارلیمنٹ بننے سے قبل وہ 12سال تک سنٹرل لنکا شائر یونیورسٹی میں سینئر لیکچرار اور 11سال تک کیمونٹی خدمات سر انجام دیتے رہے انہیں معاشرتی اتحاد کے لئے ہائیر ایجوکیشن ایکٹو کمیونٹی فنڈ (ایچ ای اے سی ایف) کے رضاکارانہ ایوارڈ سے نوازا گیا2019کے یورپی پارلیمنٹ انتخابات میں وہ اپنی نشست ہار گئے برنلے کا میئر منتخب ہونے کے بعد انہوں نے کہا کہ انہوں نے انسانیت کی خدمت کرنے کو ہمیشہ رنگ ونسل کے بغیر ترجیح دی ہے برنلے کی تعمیر وترقی اور عوامی مسائل کا حل انکی اولین ترجیح ہے انہیں اس بات پر بھی فخر ہے کہ ان کے آبائو اجدادکا تعلق ضلع گجرات پنجاب ‘ پاکستان سے ہے اور یہ وفاکرنیوالوں کی دھرتی ہے بطور ایم پی انہوں نے اپنے عہدے سے بھر پور انصاف کیا اور اب میئر کے طو رپر بھی وہ خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے عوام کسی رکاوٹ کے بغیر ان سے مسائل کے حل کیلئے بلاروک ٹوک رابطہ کر سکتے ہیں۔