خیرپور ناتھن شاہ: آتشزدگی سے 12 گھر جل گئے، ٹریکٹر کی ٹکر سے لڑکا ہلاک

June 01, 2020

خیرپورناتھن شاہ(نامہ نگار) گاؤں جان محمد لاکھیر کے مقام پر شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کے نتیجے میں لاکھیر برادری کے دس افراد کے گھر اور گھروں میں موجود لاکھوں روپئے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہوگیا۔متاثرین نے ساری رات کھلے آسمان تلے گزاری اورامداد کی اپیل کی۔جبکہ گاؤں وسائی کے مقام پر اچانک آگ لگنے کے نتیجے میں مزدور کریم بخش کا گھر اور گاؤں لونگ راھوجہ کے مقام پر آگ لگنے کے نتیجے میںآبادگار سکندرراھوجہ کا گھر اور گھر میں موجود تمام اثاثہ جل کر تباہ ہوگیا۔دریں اثناء ضلعی ہیڈکواٹر میں واقع بائی پاس کے مقام پر ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر لگنے کے نتیجے میں لڑکا اسد اﷲ چنہ ہلاک ہوگیا۔ جبکہ ڈسٹرک جیل میں قیدی ریاض گوپانگ شدید گرمی سے بیہوش ہوگیا۔گاؤں دانو چانڈیو کے مقام پر زمین میں مویشی داخل ہونے پر چانڈیہ برادری کے دو گروہوں میں تصادم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں چار بھائیوں سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔جبکہ گاجی کھہاوڑ کے قریب واقع گاؤں صادق ماچھی کے مقام پر ھینڈ پمپ سے پانی بھرنے کے دوران تصادم میں پانچ خواتین سمیت انیس افراد زخمی ہوگئے۔خیرپورناتھن شااہ کی یونین کونسل فرید آباد کے گاؤں سانول کرٹیو کے مقام پر گھریلو پریشانیوں سے تنگ آکر دو بچوں کی ماں الہہ بچائی زوجہ علی جان کرٹیو نے مبینہ زھریلی دوائی پی کرخودکشی کرلی۔