محنت میں عظمت

June 28, 2020

تلوک چند محروم

تم کو خیال محنت گر صبح و شام ہو گا

کہتے ہیں بخت جس کو، آ کر غلام ہوگا

جو دل کا مدعا ہے، حاصل تمام ہو گا

محنت سے کام ہو گا ، محنت سے نام ہو گا

محنت کرو عزیزو! محنت سے نام ہو گا

محنت بغیر جینا ممکن نہیں جہاں میں

محنت سے وہ بنا ہے رہتے ہو جس مکاں میں

محنت کا پھل ہیں پودے جتنے ہیں گلستان میں

محنت لگی ہوئی ہے ،بلبل کے آشیاں میں

محنت کرو عزیزو! محنت سے نام ہوگا

گر چاہتے ہو عزت محنت سے وہ ملے گی

درکار اگر ہے شہرت، محنت سے وہ ملے گی

ہے جس کا نام دولت ،محنت سے وہ ملے گی

کہتے ہیں جس کو قسمت ،محنت سے وہ ملے گی

محنت کرو عزیزو! محنت سے نام ہوگا

محنت سے اے عزیزو! غافل کبھی نہ ہونا

ہشیار و چست رہنا ،کاہل کبھی نہ ہونا

گر کام سخت بھی ہو،بے دل کبھی نہ ہونا

دیکھو! اپاہجوں میں شامل کبھی نہ ہونا

محنت کرو عزیزو!محنت سے نام ہوگا