ٹک ٹاک کا جنون سندھ اسمبلی پہنچ گیا

June 30, 2020


پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور رکنِ سندھ اسمبلی دُعا بھٹو کی بہن اقرا بھٹو نے سندھ اسمبلی کی اپوزیشن لابی میں بیٹھ کر ٹک ٹاک ویڈیو بناڈالی۔

اقراء بھٹو نے ناصرف ٹک ٹاک بنائی بلکہ اسے اپلوڈ بھی کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اقراء بھٹو بھارتی معروف گانے پر لپ سنکنگ کررہی ہیں جس کے بول ہیں ’تم نے اگر پیار سے دیکھا نہیں مجھ کو تو چھوڑ کر شہر میں چلی جاؤں گی۔‘

بہن کی اس حماقت اور دیگر اسمبلی ممبران کی تنقید کے پیش نظر دعا بھٹو نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں معافی مانگ لی۔

دعا بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ ’بہن نے ویڈیو ہال میں نہیں لابی میں بنائی تھی، بہن کو سندھ اسمبلی کی کرسی پر بیٹھ کر ویڈیو نہیں بنانی چاہئے تھی۔‘

رکن سندھ اسمبلی دعا بھٹو نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’میں معذرت خواہ ہوں کہ انجانے میں میری بہن نےسندھ اسمبلی کی لابی میں موجود کرسی پر بیٹھ کر ویڈیو بنالی جبکہ میں اجلاس میں شریک تھی۔‘

انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’بہن کی غلطی نشاندہی کرنے پر فوری طور پر ڈیلیٹ بھی کردی گئی تھی لیکن اس غیردانستہ غلطی پرکسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو ناصرف میں اپنی بہن بلکہ اپنی جانب سے بھی معذرت خواہ ہوں۔‘

سینیئر پی پی رہنما شرمیلا فاروقی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں اقراء کی ٹک ٹاک شئیر کرتے ہوئے تنقید کی اور کہا کہ’ پی ٹی آئی ایم پی اے دعا بھٹو کی بہن کا ویڈیو بنانا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے، سندھ اسمبلی ہال کو فلمی اسٹوڈیو میں تبدیل کردیا گیا۔

شرمیلا فاروقی نے لکھا کہ اقراء بھٹو کا یہ اقدام سندھ اسمبلی کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، اسمبلی میں صرف ممبران کو ہی شرکت کی اجازت ہے۔