18 سالہ طالبہ نے ’دی ڈیانا ایوارڈ‘ اپنے نام کر کے پاکستان کا نام روشن کردیا

July 02, 2020

لاہور سے تعلق رکھنے والی 18 سالہ طالبہ رائنہ خان نے لیڈی ڈیانا ایوارڈ اپنے نام کر کے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کردیا۔ رائنہ نے اپنا ایوارڈ پاکستان اور پاکستان کے نوجوانوں کے نام کردیا۔

رائنہ خان کو ’دی لیڈی ڈیانا ایوارڈ‘ سماجی خدمات کے اعتراف میں ایک غیر سرکاری برطانوی تنظیم کی جانب سے لیڈی ڈیانا کی سالگرہ پر دیا گیا۔

رائنہ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانیوں کو مخاطب کیا اور لکھا کہ ’ پیارے پاکستان! میں نے یہ کر دکھایا، آج مجھے دی ڈیانا ایوارڈ مل رہا ہے، جو شہزادی ڈیانا کی یاد میں شہزادہ ولیم اور ہیری کے تعاون سے ایک خیراتی ادارے کے ذریعہ دیا جاتا ہے۔‘

رائنہ نے لکھا کہ ادارے کو اس بات کا یقین ہوگیا کہ مجھ میں دنیا کو تبدیل کرنے کی طاقت اور صلاحیت موجود ہے۔

رائنہ نے بتایا کہ دی ڈیانا ایوارڈ سے ان کی انسانی دوست کاوشوں کے اعتراف میں دیا جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’خواتین کو با اختیار بنانے، صحت اور حفظان صحت، مفت تعلیم اور سماجی ترقی میں بے پناہ کوششوں پر مجھے اس ایوارڈ سے نوازا جا رہا ہے۔‘

نوجوان طالب علم نے لکھا کہ انہیں اس اس اعزاز کی کبھی توقع نہیں تھی، اور نہ ہی میں نے کبھی ایوارڈ کیلئے کام کیا، بلکہ میں نے ہمیشہ معاشرے کی بہتری کی لئے اپنا سو فیصد دیا۔ مجھے کبھی امید نہیں تھی کہ میری کاوشوں کو عالمی سطح پر پزیرائی ملے گی۔

انہوں نے لکھا کہ تین سال قبل جب انہوں نے ’زنانہ فاؤنڈیشن‘ کے نام سے ایک غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کی بنیاد رکھی تو انداہ نہیں تھا کہ اس کے بدلے مجھے کچھ ملے گا، میں خوش ہوں کہ میری اس کاوش نے مجھے لیڈی ڈیانا کی میراث سے وابستہ کردیا۔‘

انہوں نے اپنی پوسٹ میں زندگی کے ہر موڑ پر حمایت اور حوصلہ افزائی کرنے والے اداروں، دوست احباب اور اہل و عیال کا شکریہ ادا کیا۔

’دی ڈیانا ایوارڈ‘ دنیا بھر کے 9 سے 25 سال کی عمر کے اُن نوجوانوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے انسانیت کی فلاح و بہبود اور معاشرے کو بہتر بنانے میں اپنا نمایاں کام سرانجام دیا ہے۔

یہ ایوارڈ نوجوان رہنماؤں، وژنرز اور رول ماڈل کی کامیابیوں کا جشن منانے کے لیے مختص کیا جاتا ہے اور یہ ان ہی نوجوانوں کو دیا جاتا ہے جن میں دنیا کو بدل کر بہتر کرنے کی صلاحیت اور طاقت موجود ہوتی ہے۔