مختلف طریقہ کار سے بنائیں لذیذ پراٹھے

July 04, 2020

پراٹھے کا لفظ سنسکرت سے نکلا ہے اور یہ دو الفاظ یعنی کہ پرات اور آٹے کا امتزاج ہے، جسے بنانے کی ابتدا برصغیر سے ہوئی۔ پراٹھے عموماً ان ممالک میں زیادہ شوق سے کھائے جاتے ہیں، جہاں گندم کی کاشت ہوتی ہے۔ پراٹھے کو مختلف ممالک میں مختلف ناموں سے پکارا جاتا ہے۔ پاکستان میں اسے پرینٹھا،پرونٹھا، پرونٹے، پراٹھا وغیرہ جبکہ بنگال میں اسے پروٹا، برما میں پولاٹا اور سری لنکا، مالدیپ اور موریشس میں اسے فراٹا کہا جاتا ہے۔ پراٹھے کو صبح کے ناشتے کے طور پر زیادہ پسند کیا جاتا ہے ۔

اس میں گھی کا زیادہ استعمال ہوتا ہے اور اسے قیمہ، آلو، گوبھی، چنے وغیرہ ڈال کر بھی بنایا جاتا ہے، تاہم اب کئی طرح کے مزے مزے کے پراٹھے بھی بنائے جانے لگے ہیں۔ عمومی تاثر ہے کہ پراٹھے کے بغیرناشتہ ادھورا ہوتا ہے جبکہ کچھ لوگ اسے دوپہر کے کھانے میں بھی کھاتے ہیں۔ پاکستان میںتو رات کے اوقات میں بھی انڈہ پراٹھا کھانے کا رواج ہوگیا ہے۔ پراٹھے بنانے کے لیے میدے اور آٹے کو مکس کرکے ڈو بنایا جاتا ہے۔

ہر ملک میں اسے بنانے کا طریقہ مختلف ہے جیسے کہ پاکستان میںانڈہ، بیسن، مولی ،آلو اور سبزیوں والے یا سادہ پراٹھے کھائے جاتے ہیں۔ اسی طرحڈھاکہ اور مغربی بنگال میں لچھے دار پاپڑی والے پراٹھے پسند کئے جاتے ہیں۔ چونکہ پراٹھا ہر ایک کا پسندیدہ ہے، لہٰذا اس کو بنانے کے مختلف طریقے آج ہم قارئین کی نذر کررہے ہیں۔

قیمے والا پراٹھا

قیمہ پراٹھا مغلیہ شاہی کھانوں کی ڈش ہے، جسے مغلیہ حکمرانوں کو مختلف کھانوں کے ساتھ پیش کیا جاتا رہا ہے۔ یہ پراٹھا جہاں کھانے میں بہت لذیذ ہے ہوتا ہے، وہیں صبح کھانے کے بعد پورا دن تازگی اور توانائی فراہم کرتا ہے۔

قیمہ کیلئے درکار اجزاء:

قیمہ۔ آدھاکلو

دہی۔ آدھا کپ

پیاز (کٹی ہوئی)۔ دو عدد

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

ہری مرچیں(کٹی ہوئی)۔ 3عدد

نمک۔ حسب ضرورت

ہلدی پائوڈر۔ آدھا چمچ

زیرہ پائوڈر۔ ایک چمچ

دھنیا پائوڈر۔ دو چمچ

گرم مسالہ پاؤڈر۔ ایک چمچ

پانی۔ ایک کپ

تیل۔ آدھا کپ

پراٹھے کیلئے درکار اجزاء:

آٹا۔ دو کپ

گرم پانی۔ ایک کپ

گھی۔ تین چمچ

پانی۔ حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے قیمہ کو اچھی طرح دھو لیں۔ اس کے بعد قیمہ کو دہی ، ہلدی، لال مرچ اور نمک سے میرنیٹ کریں اور آدھے گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد تیل کو پین میں گرم کریں اور اس میں پیاز کو 5منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں، اسے کے بعد باقی سارے اجزاء ڈال کر مزید پانچ منٹ تک پکائیں۔ اب اس میں میرینیٹ کیا ہوا قیمہ ڈالیں اور10منٹ تک پکائیں۔ پھر گرم مسالہ پائوڈر اور پانی ڈال کر تقریباً 20منٹ تک ہلکی آنچ پر پکائیں جبکہ درمیان میں کبھی کبھی تیز آنچ پر اسے جوش دلاتے رہیں۔ جب قیمہ مکمل طور پر گھل جائے تو چولہے کو بند کر دیں اور اسے ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔

اب پراٹھے بنانے کے لئے آٹا، نمک اور پانی کو مکس کر کے ڈو تیار کرلیں۔ ڈو کی ایک جیسے سائز میں لوئی بنا لیں، ہر لوئی کو چپاتی کی شکل میںبیل کر اندر قیمے والا آمیزہ ڈالیں اور پھر دوسری چپاتی بنا کر اس کے اُوپر رکھ کر چاروںطرف سے بند کریں۔ اب اسے ایک بار پھر اچھی طرح بیلیں اور توے پر گھی ڈال کر خوب پکائیں۔ جب پراٹھا دونوں جانب سے لائٹ برائون ہو جائے تو اُتار لیںاور باقی پراٹھے بھی ایسے ہی بناکر گرما گرم پیش کریں۔ پراٹھے کے ساتھ رائتہ اور سلاد مزے کو دوبالا کردے گا۔

مغلئی پراٹھا

یہ پراٹھا مغلیہ دور کا مزیدار پراٹھا ہے۔ یہ بہت زیادہ غذائیت سے بھرپور پراٹھا ہے، جسے دیکھ کر منہ میں پانی آجاتا ہے۔ اسے ناشتہ اور کھانے میں پیش کیا جا سکتا ہے۔

ڈو کیلئے درکار اجزاء:

میدہ۔ ایک کپ

آٹا۔ آدھا کپ

تیل۔ ایک چمچ

نمک۔ آدھا چمچ

پانی ۔ حسب ضرورت

انڈے۔ دو عدد

پیاز (باریک کٹی ہوا)۔ ایک عدد

ہری مرچیں (کٹی ہوئی)۔ دو عدد

دھنیے کے پتے(کٹے ہوئے)۔ تین چمچ

گھی۔ دو چمچ

نمک۔ حسب ضرورت

ترکیب:

ڈو بنانے کیلئے میدہ، آٹا، تیل، نمک اور پانی کو مکس کرلیں اور اسے تیار کر کے کسی برتن سے ڈھک دیں۔ اس کے بعد انڈوں کو اچھی طرح پھینٹیں اور اس میں پیاز، سبز مرچیں ، دھنیا پائوڈر، اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ یہ سب کرنے کے بعد ڈو کے 6پیڑے بنا لیں اور پھر نان اسٹک پین میں تیل ڈال کر گرم کریں۔ پیڑے کو بیل کر ہلکی آنچ پر پین میں ڈالیں اور پھر اس کے اوپر انڈے والا مکسچر 3چمچ ڈال کر پھیلالیں۔ اوپر دوسری گول روٹی بناکر ڈال دیں دونوں سائیڈ سے پراٹھے کو اچھی طرح گھی میں پکائیں اور چمچ کی مدد سے پراٹھے کو چوکور شیپ میں کاٹ لیں باقی ساری ڈو کیلئے بھی یہی طریقہ استعمال کریں۔ خستہ اور لذیذ پراٹھے چائے کے ساتھ تناول فرمائیں۔

شملہ مرچ پنیر پراٹھا

درکار اجزاء:

آٹا۔ ایک کپ

شملہ مرچ (کٹی ہوئی)۔ آدھا کپ

پنیر۔ آدھا کپ

لال مرچ۔ ایک چمچ

پانی۔ حسب ضرورت

نمک۔ آدھا چمچ

گھی۔تلنے کیلئے

ترکیب:

سب سے پہلے آٹا، نمک اور پانی کو مکس کر کے ایک ڈو تیار کر لیں اور سائیڈ پر رکھ دیں۔ اس کے بعد شملہ مرچ کو ابال کر چوپ کر لیں اور اس میں چیز اور لال مرچ ڈال کر خوب اچھی طرح مکس کر لیں۔ اب تیار کیے گئے ڈو سے ایک جیسے پیڑے بنا لیں اور پھر انہیںبیل لیں۔ ایک روٹی لے کر اس پر شملہ مرچ والا آمیزہ ڈالیں اور اس کے اوپر دوسری گول روٹی ڈال کر اسے بیل لیں اور توے پر فرائی کریں۔ جب یہ دونوں سائیڈ سے ہلکا برائون ہو جائے تو گرما گرم مزیدار پراٹھا رائتہ کے ساتھ پیشکریں۔ آپ سبز اور لال دونوں طرح کی شملہ مرچ استعمال کر سکتے ہیں تاکہ جو بچے کھانے سے چڑتے ہیں ان کو یہ پراٹھا دیکھنے میںاچھا لگے۔ زیادہ مقدار میں پنیر بھی شملہ مرچ کے ساتھ مزید ذائقہ دیتا ہے۔

پیزا پراٹھا

درکار اجزاء:

میدہ ۔دو کپ

پانی۔ حسب ضرورت

نمک۔ آدھا چمچ

چکن بون لیس۔ ایک کپ

دہی۔ دو چمچ

تکہ مسالہ۔ تین چمچ

تیل۔ دو کھانے کے چمچ

موزریلا چیز (چوپ کی ہوئی)۔ ڈیڑھ کپ

شملہ مرچ(چوپ کی ہوئی)۔ ایک کپ

سویٹ کارن(ابلے ہوئے)۔ آدھا کپ

پیاز(کٹی ہوئی)۔ آدھا کپ

ٹماٹرکٹے ہوئے۔ آدھا کپ

پیزا ساس۔ حسب ضرورت

ترکیب:

سب سے پہلے میدہ، نمک اور پانی کو مکس کر کے ڈو بنا لیں اور ڈھانپ کر رکھ دیں۔ اس کے بعد بون لیس چکن میں دہی، تکہ مسالہ، موزریلا چیز کو مکس کر کے میرینیٹ ہونے کے لئے رکھ دیں۔ اس کے بعد نان اسٹک پین میں تیل ڈال کر گوشت کو فرائی کر لیں اور ایک برتن میں نکال کر سائیڈ پر رکھ دیں۔ اس کے بعد ایک بائول میں پکا ہوا گوشت، موزریلا چیز، کٹی ہوئی شملہ مرچ، ابلے ہوئے سویٹ کارن، پیاز اور ٹماٹر ڈال کر اچھی طرح مکس کر یں اور ایک سائیڈ پر رکھ دیں۔

اب میدے کی ڈو کو لیں اور تیل لگا کر اس کی لوئیاں بنا لیں۔ اب ایک لوئی لے کر روٹی کو بیلیں اور اس پر پیزا ساس لگائیں، اس کے بعد موزریلا چیز اور شملہ مرچ والا آمیزہ اس کے اوپر ڈالیں، آپ ذائقہ کے لئے موزریلا چیز زیادہ مقدار میں بھی ڈال سکتے ہیں۔ اس کے بعد روٹی کو چوکور یا پیزا سٹائل میں کٹ کر کے رکھ لیں اور کسی پین میں تیل ڈال کر دونوں سائیڈ سے پکائیں اور گھروالوںکے ساتھ مزیدار پیزا پراٹھا تناول فرمائیں۔

بہاری پراٹھا

درکار اجزاء:

آٹا۔ آدھا کلو

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

پانی ۔حسبِ ضرورت

گھی۔ حسب ضرورت

فلنگ کے لئے:

چنے کی دال۔ دو سو پچاس گرام

پیاز ۔ایک عدد ﴿کٹی ہوئی

ادرک لہسن کا پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

کالا زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک ۔آدھا چائے کا چمچ

﴿پسا ہوا گرم مسالہ۔ آدھا چائے کا چمچ

ترکیب:

چنے کی دال کو پیاز، ادرک لہسن کا پیسٹ، کالا زیرہ، نمک، پسا گرم مسالہ اور دو کپ پانی کے ساتھ اُبالیں، یہاں تک کہ پانی خشک ہوجائے اور دال گل جائے۔ اب اسے ٹھنڈا کرکے اچھی طرح گرائینڈ کرلیں۔ آٹے میں نمک اور تھوڑا سا پانی ڈال کر اس کی ڈو بنالیں اور اسے دس برابر کے حصوں میں تقسیم کرلیں۔ اب ایک پیڑے کو ہلکا سا رول کرکے درمیان میں فلنگ ڈالیں اور دوبارہ رول کرلیں۔ پھر اسے پراٹھے کی شکل دے کر توے پر گھی میں تل لیں ۔ اسے بھجیا کے ساتھ پیشکریں جبکہ یہ مختلف چٹنیوں اور اچار کے ساتھ بھی خوب ذائقہ دیتے ہیں۔

لوبیا چیز پراٹھا

درکار اجزاء:

میدہ۔ دو پیالی

آٹا ۔ایک پیالی

لوبیا۔ آدھی پیالی (بھیگے ہوئے)

کوٹیج چیز۔ دو پیکٹ

کالی مرچ( ﴿کُٹی ہوئی)۔ ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ۔ چھ عدد ﴿(کچلی ہوئی)

سفید زیرہ (بھنا اور پسا ہوا)۔ ایک چائے کا چمچ

پودینہ ( ﴿باریک کٹا ہوا)۔ آدھی گٹھی

میدہ (پانی میں گھلا ہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

گھی یا تیل۔ حسب ضرورت

نمک۔ حسبِ ذائقہ

ترکیب:

ایک تسلے میں آٹا، میدہ اور نمک ملاکر نیم گرم پانی سے گوندھ کر تھوڑی دیر کے لیے گیلے کپڑے سے ڈھک کر رکھ دیں۔ اب بھیگے ہوئے لوبیا کا پانی نکال کر اچھی طرح اُبال لیں اور اچھی طرح گلنے کے بعد چھان لیں۔ پھر کوٹیج چیز کو کدوکش کرکے کُٹی ہوئی کالی مرچ، نمک، ہری مرچ، لوبیا، سفید زیرہ اور پودینہ اچھی طرح ملالیں۔

اب توا گرم کریں اور ایک ایک پیڑا بناکر روٹی کی طرح بیلیں اور اس کے اوپر تیار آمیزہ پھیلا کر رکھ دیں۔ پھر کناروں پر تھوڑے سے پانی میں گھلا ہوا میدہ لگائیں اور دبا کر کنارے بندکر لیں۔ اس کے بعد دوسری روٹی بیل کر اوپر رکھیں اور کنارے دبا کر بند کردیں۔ اب اسے گرم توے پر ڈال کر روٹی کی طرح سینک لیں اور لکڑی کے چمچ کی مدد سے گھی یا تیل لگاکردونوں طرف سے گولڈن براؤن کرلیں۔مزے دار لوبیا چیز کا پراٹھا تیار ہے۔

لچھہ پودینہ پراٹھا

درکار اجزاء:

گندم کا آٹا ۔دو کپ

اجوائن ۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک ۔ آدھا چائے کا چمچ

لال مرچ(پسی ہوئی)۔ آدھا چائے کا چمچ

گھی ۔چار سے پانچ کھانے کے چمچ

پودینے کے پتے (باریک کَٹے ہوئے )۔ تین کھانے کے چمچ

پانی ۔حسبِ ضرورت

ترکیب:

ایک پیالے میں گندم کا آٹا، اجوائن، نمک، پسی لال مرچ اور گھی ڈال کر مِکس کرلیں۔ پھر اسے حسبِ ضرورت پانی کے ساتھ نرم گوندھ لیں اور پیڑے بنالیں۔ ہر پیڑے کو چھوٹی پلیٹ کے برابربیل لیں اور اس پر ایک کھانے کا چمچ گھی لگائیں۔ اب ایک کنارےسے درمیان تک کٹ لگائیں۔ کٹ والی جگہ سے ایسے گھمائیں کہ یہ کون کی طرح بن جائے۔

اب اس کا پراٹھا بیل لیں۔ ہر پراٹھے پر پودینے کے پتے چھڑکیں ۔ بیلن سے تھوڑا دبائیں اور گرم توے پر حسبِ ضرورت گھی کے ساتھ فرائی کریں۔ دونوں اطراف سے گولڈن براؤن ہوجائے تو توے سے اتار لیں اور دہی کے ساتھ پیش کریں۔

جموں کا پراٹھا

درکار اجزاء:

آلو ۔دو عدد (اُبلے اور میش کئے ہوئے)

ہری مرچ۔ دو عدد (کَٹی ہوئی)

پیاز ۔ایک عدد (کٹا ہوا)

آٹا ۔دو کپ

سرخ مرچ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

انار دانہ پاؤڈر۔ ایک چائے کا چمچ

چاٹ مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

ہرا دھنیا ۔دو کھانے کے چمچ (کٹا ہوا)

دودھ ۔دو کھانے کے چمچ

دہی۔ دو کھانے کے چمچ

نمک ۔حسبِ ذائقہ

گھی ۔حسبِ ضرورت

ترکیب:

آٹے میں نمک، دودھ، دہی اور تھوڑا سا پانی ڈال کر گوندھیں اور گیلے کپڑے سے ڈھانپ کر رکھ دیں۔پندرہ منٹ کے بعد آٹے کے آٹھ حصے کرلیں۔آلو میں سرخ مرچ، ہری مرچ، انار دانہ، پیاز، ہرا دھنیا، چاٹ مسالہ اور نمک اچھی طرح مِکس کرکے آمیزے کے آٹھ حصے کرلیں۔ اب آٹے کا ایک حصہ لے کر چھوٹی روٹی بیلیں۔پھر آلو کے آمیزے کا ایک حصہ اس کے درمیان رکھیں اور کنارے جوڑ کر پیڑا بنالیں۔پھر اس کا پراٹھا بیلیں اور توا گرم کرکے پراٹھا ڈالیں ۔ تھوڑا سا گھی لگا کر دونوں اطراف سے پکالیں اور تیار ہونے پر گرم گرم پیش کریں۔

قیمہ اور انڈے کا پراٹھا

درکار اجزاء:

قیمہ۔ایک پاؤ

لہسن پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

ادرک پیسٹ۔ایک چائے کا چمچ

ہری مرچ۔چار عدد(باریک کٹی ہوئی)

لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ (کُٹی ہوئی)

گرم مسالہ پاؤڈر۔ایک چائے کا چمچ

نمک۔حسبِ ذائقہ

ہلدی پاؤڈر۔ایک چٹکی

انڈے ۔چار عدد (ابلے ہوئے)

گھی۔تقریباً آدھی پیالی

ترکیب:

میدے میں ایک کھانے کا چمچ گھی اور ایک چٹکی نمک ڈال کر پانی سے گوندھ لیں (نہ یہ زیادہ سخت ہو اور نہ زیادہ نرم)۔ پھر اسے ایک ململ کے کپڑے سے ڈھک کر رکھ دیں۔ اب ایک پتیلی میں ایک چائے کا چمچ گھی ڈال کر قیمہ، ادرک، لہسن اور ہری مرچ کے پیسٹ کے ساتھ پانچ منٹ بھون لیں۔ پھر ایک گلاس پانی ڈال کر درمیانی آنچ پر پکائیں، ساتھ ہی نمک اور ہلدی بھی شامل کر دیں۔ پانی خشک ہو جائے تو اس میں گرم مسالہ اور کٹی ہوئی لال مرچ ڈال کر مزید پانچ منٹ بھونیں۔

انڈوں کے چھوٹے ٹکڑے کر لیں۔ قیمہ ٹھنڈا ہونے پر انڈے بھی اس میںشامل کردیں اور ہلکے ہاتھ سے مکس کریں۔ میدے کے پیڑے بنا کر پتلی پتلی آٹھ روٹیاں بیل لیں۔ اب ایک روٹی پر قیمہ پھیلا کر (ساتھ میں انڈوں کے ٹکڑے بھی شامل ہوں) دوسری روٹی کو اوپر سے رکھ کر کنارے کو بہت خوبصورتی سے دبائیں۔ درمیانی آنچ کرکے توے پر ایک چائے کا چمچ گھی ڈال کر پراٹھا تل لیں۔ اسی طرح باقی پراٹھے بھی تل لیں۔گرم گرم پراٹھے کھجور کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔

کھجور کی چٹنی ترکیب:

کھجوروں کی گٹھلیاں نکال کر انہیں ایک گلاس گرم پانی میں کالی مرچ پاؤڈر، سرخ مرچ پاؤڈر،نمک اور سوکھا دھنیا پاؤڈر کے ساتھ بہت ہلکی آنچ پر کم ازکم تین گھنٹے کے لئے پکائیں۔ جب کھجوروں کا پانی خشک ہوجائے اور یہ آمیزہ ٹھنڈا ہوجائے تو اسے چوپر یا گرائنڈر میں پیس لیں۔پھر پیالی میں نکال کر پیش کریں۔ چٹنی کے ساتھ پراٹھوں کا لطف دوبالا ہوجائے گا۔