پراجیکٹ سر بلندی

July 12, 2020

محمّد وحید

گزشتہ دس برسوں میں مُلک کےمعاشی مسائل جس تیزی سے سامنے آئے ہیں، یقیناً یہ ایک توجّہ طلب پہلو ہےکہ پاکستان میں بیش تر مسائل ایک دوسرے سےمشروط ہوتے ہیں۔ شہروں کی بڑھتی آبادی کے ساتھ دیگرمسائل میں اضافہ فطری بات ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق صرف کراچی کی آبادی دو کروڑ سے تجاوز کر رہی ہے ۔وطنِ عزیز کا معاشی حب کہلانے والے اس شہر کا شماردنیا کے بڑے شہروں میں ہوتاہےاوریہاں بجلی ،پانی اور سیوریج کے مسائل ایک دوسرے سے جڑے ہوئےہیں ۔ 2016ءسے کے الیکٹرک کی جانب سے سماجی بہبود اور بجلی کے انفرااسٹرکچرکے اقدامات میںخاصی تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔

وقتاً فوقتاً نئےپراجیکٹس متعارف کروائےجا رہے ہیں۔اور ’’سربلندی‘‘ بھی ایسا ہی ایک فلاحی پراجیکٹ ہے، جس کے تحت پس ماندہ علاقوں میں بجلی چوری کی روک تھام، انفرا اسٹرکچرکی بہتری، صحت اور سیفٹی سے متعلق کام کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ برس سے اس پراجیکٹ کے زیرِ انتظام مختلف آبادیوں میں عوامی آگاہی،صفائی مہم اور سہولت کیمپس وغیرہ کا کام جا ری ہے۔ کراچی کےدُور دراز علاقوں کے شہریوں کو اُ نہی کے علاقوں میں نئے کنکشنز کے حوالے سے رہنمائی،واجبات پر بلوں کی آسان اقساط اور ادائیگی، مفت طبی معائنے کی سہولت کے علاوہ بچّوں اور بڑوں کی حفاظت سے متعلق خصوصی آگاہی اسی پروگرام کے نکات ہیں۔ ’’سر بلندی‘‘ منصوبے کےتحت اب تک کورنگی، لیاقت آباد، سرجانی ، لانڈھی ، ناظم آباداور اورنگی کے عوام 200سے زائد سہولت کیمپس، بلوں کی آسان ادائیگی، نئے کنکشنز اور صحت کی مَد میں کافی فائدہ اُٹھا چکے ہیں۔

انہی کیمپس میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف تعلیمی سرگرمیوں ،تقریری مقابلوں اور سائنسی میلوں کا بھی انعقاد کر وایا جا چُکاہے۔ اس پراجیکٹ میں کے الیکٹرک کو ان کے سوشل انویسٹمنٹ پارٹنر زمثلاً لیٹن رحمت اللہ بینوویلینٹ ٹرسٹ (ایل آر بی ٹی)، میری ایڈلیڈ لیپروسی سینٹر (ایم اے ایل سی)وغیرہ کا بھرپور تعاون بھی حاصل ہے، جو علاقائی سطح پر ان کیمپس میں اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

مختلف علاقوں میں علاقہ معززین کے تعاون سے محفوظ اور تیز بجلی کی فراہمی کی غرض سے پی ایم ٹیز کو ایریل بنڈلڈ کیبلنگ سسٹم پر منتقل کیا جاچُکا ہے، جس سے لائن لاسز میں کمی کے علاوہ بجلی چوری کی بھی حوصلہ شکنی ہو رہی ہے،اور اس طرح 54لاکھ سے زائد لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ پراجیکٹ کے تحت کئی نئے کنکشنز بھی لگائے گئے ہیں، تاکہ شہری قانونی اور جائز طریقے سے بجلی کے حصول کی طرف راغب ہوں۔

کے الیکٹرک کے پراجیکٹ ’’سربلندی‘‘ کے تحت علاقائی سطح پر مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے کورنگی نمبر 2میں فٹ بال اور سرجانی اور ناظم آباد میں ایک، ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کروایا گیا۔ بجلی کمپنی پُرعز م ہے کہ اگر مقامی سطح پر تعاون کیا جائے توABCکا استعمال ایسے علاقوں میں بھی نقصانات پر قابو پانے میں مدد دے گا ،جہاں عملے پر تشدد سمیت متعدّد بیرونی چیلنجز کے باعث بجلی چوری پر اب تک قابو نہیں پایا جاسکا ۔

اس حوالے سے یوسی 48،اور نگ آ باد کے چیئر مین، تابش جیلانی کا کہنا ہے کہ’’ ہمارے علاقے میں کے الیکٹرک کے مختلف کیمپ سمیت ایک میگا کیمپ لگایا گیا ، جن کا مقصد علاقہ مکینوں کے مسائل حل کرناتھااور یہ ایک انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔‘‘ ضیا کالونی کی رہائشی، شاہدہ خاتون کا کہنا ہے کہ میرے واجبات کے مسئلے کو کمپنی کی جانب سے احسن طریقے سے حل کرکے ادائیگی بھی اسی کیمپ میں کروا دی گئی ۔‘‘ ایک اور رہائشی ،ایم انعام کا کہنا ہے کہ’’ اس کیمپ کی بدولت مجھے نہ صرف واجبات پر رعایت ملی ، بلکہ بِل کی آسان اقساط بھی ہوگئیں۔

اس طرح ان صارفین کی بھی مدد ہورہی ہے ،جو عرصۂ دراز سے بِل ادا نہیں کرپارہے تھے۔‘‘ بلاشبہ پراجیکٹ سربلندی ، محض واجبات کی ادائیگیوں اور بجلی چوری کی روک تھام پر قابو پانے کا نام نہیں، اس سے سماج میں منفی رجحان کی حوصلہ شکنی بھی ہورہی ہے۔ صرف پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے علاوہ دیگر بنیادی ضروریات سے وابستہ ادارے بھی اگر اس طرح کے ماڈل پر عمل کرکے موثر اقدامات کریں تونہ صرف معاشرہ بہتری کی طرف قدم بڑھائے گا،بلکہ مُلک بھی ترقّی کی راہ پر گام زن ہوگا۔