صوبہ میں شیڈول سے ہٹ کر لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی‘ پیسکو

July 06, 2020

پشاور(نیوز ڈیسک)پسکو منیجمنٹ صارفین کو بہترخدمات کی فراہمی کے لئے کوشا ں ہے اور اس مقصد کے لئے کئی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں اسی طرح صارفین کو لوڈشیڈنگ کی مد میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دی جارہی ہے جس کے تحت صوبہ میں کہیں پر بھی شیڈول سے ہٹ کر لوڈشیڈنگ نہیں کی جاتی نہ ہی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔ اور جہاں پر بھی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے تو وہ مقررہ فارمولے اور شیڈول کومدنظررکھتے ہوئے کی جاتی ہے۔ تاہم ٹرپنگ اورایمرجنسی بریک ڈاؤنز کو لوڈشیڈنگ نہ سمجھا جائے ،پسکومنیجمنٹ کی پوری کوشش ہے کہ توانائی کے موجودہ بحران میں صارفین کو لوڈشیڈنگ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دے اورعوام کو کم سے کم تکالیف کا سامنا کرنا پڑے۔اسی پالیسی پرعمل کرتے ہوئے پسکو نے ان علاقوں میں جہاں پر لائن لاسز مطلوبہ معیار کے مطابق ہیں اوران علاقوں میں ریکوری بھی اچھی ہے یہاں پر کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے اوران علاقوں کے صارفین کو دیگر سہولیات اورآسانیاں بھی فراہم کردی گئیں ہیں۔اسی طرح کسی ٹیکنیکل فالٹ کے نتیجے میں بجلی بندش سے موثر طورپرنمنٹے کے لئے پسکوکے دفاترشکایات کو بھی مزید فعال کردیا گیا ہے ۔گرمی کے بڑھتے ہی بجلی کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔ صارفین سے بھی التماس ہے کہ وہ بجلی کے استعمال میں اعتدال سے کام لیں تاکہ بجلی فراہمی نظام اوورلوڈ نہ ہو اورصارفین کو بجلی کی فراہمی بلاکسی تعطل کے جاری رہے ،صارفین کا تعاون بجلی کی مسلسل فراہمی اوربجلی سے متعلقہ دیگرمسائل کے حل کا سبب بنے گا،پسکو نے صارفین بجلی سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اورقوم کے بہترمفاد میں بجلی بچانے کے اقدامات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے پسکو سے تعاون کیا جائے ۔