پرانی تاریخوں میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،6افسر اور اہلکار معطل

July 07, 2020

اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) سی ڈی اے کے شعبہ لینڈ و بحا لیات میں پرانی تاریخوں میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کا سکینڈل سامنے آ نے پر سی ڈی اے انتظامیہ نے تین افسروں اور تین اہلکاروں کو ملازمت سے معطل کر دیا ،ان کی جگہ نئی ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ جن افسر وں کو معطل کیا گیا ہے ان میں ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ و بحا لیات عرفان اللہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر اسٹیٹ ا فیکٹیز ( متاثرین ) عنایت اللہ ، اسٹیٹ مینجمنٹ افسر قائم علی شاہ ، سب اسسٹنٹ محمد حنیف ، ڈیلنگ اسسٹنٹ نعمان خان اور سکیورٹی گارڈ محسن امیر شامل ہیں ۔ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر (کنفیڈنشل ) سید نوید الر حمنٰ کو تبدیل کرکے ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ لگایا گیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ڈی ون مس عاصمہ بیگ کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایچ آر ڈی(کنفیڈنشل ) کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ڈپٹی ڈائریکٹر کو آر ڈی نیشن سید علی مرتضیٰ بخاری کو ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹیٹ افیکٹیز ( متاثرین) کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔پی آر اوملک شہزاد ایڈمن افسر لینڈ و بحالیات اور پی آر او محسن ظہیر قریشی کو اسٹیٹ مینجمنٹ افسر متاثرین تعینات کیا گیا ہے۔ ذ رائع کے مطابق ڈائریکٹر سکیورٹی سید فتح المنان کو تفصیلی انکوائری کا حکم دیدیا گیاہے اور انکوائری کیلئے متعلقہ ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ ایک الزام یہ ہے کہ ٹرانسفر کیلئے این ڈی سی کے اجراء سے قبل جینوئن نیس کمیٹی سے کلیر نس نہیں لی گئی ۔ دوسرا الزام یہ ہے کہ سیکٹر آئی الیون اور آئی بارہ میں پچھلی تاریخوں میں الاٹمنٹ کی گئی تاکہ قرعہ اندازی نہ کرنی پڑے جو ایس او پی کا حصہ ہے۔