اسکاٹ لینڈ میں رش کے مقامات پرماسک پہننا لازمی ہوگا

July 13, 2020

گلاسگو (نمائندہ جنگ) اسکاٹ لینڈ میں دکانوں اور چار دیواری کے اندر رش کے دیگر مقامات پر چہرے پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا، خلاف ورزی کرنے والوں کو پولیس موقع پر ہی 60پونڈ کا پینلٹی ٹکٹ ایشو کرسکے گی۔ قبل ازیں صرف پبلک ٹرانسپورٹ پر ماسک پہننا ضروری تھا۔ اب چونکہ اسکاٹ لینڈ میں کورونا کی پابندیاں نرم کرتے ہوئے تیسرے مرحلے کا اعلان کردیا گیا ہے ، شاپنگ سنٹرز کھولے جارہے ہیں تو اس بات کا امکان ہے کہ ذرا سی بے احتیاطی سے کورونا کا پھیلائو دوبارہ بڑھنا شروع نہ ہوجائے، اس وقت کورونا کے پھیلائو کے سلسلہ میں یورپ، یوکے میں اسکاٹ لینڈ سب سے بہتر ہے اور انگلینڈ کے مقابلے میں یہاں کورونا کے پھیلائو کی شرح 5 گنا کم ہے۔ نئے اقدامات کے تحت بعض مقامات پر سماجی فاصلے کی حد بھی دو میٹر سے کم کرکے ایک میٹر تک کی جارہی ہے لیکن یہ صرف پبلک ٹرانسپورٹ اور ریسٹورنٹ وغیرہ میں ہوگی۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ہماری اب بھی یہی ترجیح ہے کہ لوگ آپس میں ہر ممکن طور پر دو میٹر کا فاصلہ رکھیں۔