عید الاضحیٰ مبارک

July 26, 2020

پیارے بچو! یہ تو آپ جانتے ہی ہوں گے کہ عید الاضحی ایک دینی تہوار ہے جو حضرت ابراہیم ؑ اور حضرت اسماعیل ؑ کی لازوال قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ہر سال ذی الحج کی دس تا ریخ کو عید الاضحی مذہبی جوش وجذبہ سے منائی جاتی ہے۔ اس دن جانور ذبح کرنے کا مقصد تقویٰ، اطاعت و فرمانبرداری اور رب تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے۔

عیدلااضحٰی کا مبارک تہوار آنے کو ہے۔شہر کے مختلف مقامات پر مویشی منڈیاں لگ گئی ہیں۔ بچے اس تہوار سے زیادہ محظوظ ہوتے ہیں کیوں کہ ان کی دل چسپی مویشی منڈی کی سیر کرنے گائے، بیل، اور بکرے ، دیکھنے میں ہوتی ہے۔ دیکھا یہی گیا ہے کہ چھوٹے چھوٹے بچے جو قربانی کے جانوروں کی خدمت میں مصروف عمل نظر آتے ہیں، انہیں قربانی کے جانوروں سے انس ہو جاتا ہے۔پیارے بچو! اس وقت ساری دنیا کرونا وائرس جیسی مہلک بیماری کی لپیٹ میں ہے۔

اس وائرس سے روزانہ ان گنت لوگ اپنی جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔آپ کی قربانی کے جانوروں سے محبت اپنی جگہ لیکن اللہ تعالیٰ نے زندگی ایک بار دی ہے۔ اس لیےکورونا جیسے موذی مرض سےبچنے کےلیے حکومت کی وضع کردہ ہدایات یعنی ایس او پیزکا بھی خیال رکھیں۔ مویشی منڈی جانے کی اپنے بڑوں سے ضد نہ کریں۔

چہرے پر ماسک اور دستانے پہنیں۔ جانوروں کے پاس سے ہٹنے کے بعد اپنے ہاتھ صابن سے اچھی طرح دھویں۔ عید قربان تو ہر سال آتی ہے،اس لیے پیارے بچو، اس سال عید الاضحی مناتے وقت ااحتیاطی تدابیر اختیار کریں، تاکہ اس مہلک وائرس سےبچا جا سکے۔