ڈیٹاکس واٹر وزن کم کرنے کیلئے کتنا مفید ہے؟

August 03, 2020

سادے پانی میں پھلوں اور سبزیوں کو چند گھنٹے بگھو کر حاصل ہونے والے پانی کو ڈیٹاکس واٹر کہتے ہیں ، اس طریقے سے پانی میں سبزیوں اور پھلوں کی سب غذائیت مل جس کے سبب اس کے استعمال سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔

ماہرین غذائیت کے مطابق ڈیٹاکس واٹر جسم سے مضر صحت مادوں کی صفائی کرتا ہے اور مجموعی صحت بہتر بناتا ہے، ڈیٹاکس واٹر کے بہترین نتائج حاصل کرنے کے لیے اس کا صبح نہار منہ استعمال کرنا چاہیے جبکہ اس پانی کو تھوڑا ٹھوڑا کر کے پورے دن میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے ۔

ڈیٹاکس واٹر کے استعمال سے متعلق چند غلط فہمیاں

ڈیٹاکس واٹر استعمال کرنے سے متعلق بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں جنہیں دور کرنا نہایت لازمی ہے، بیشتر افراد یہ سمجھتے ہیں کہ ڈیٹاکس واٹر کے استعمال کے دوران وہ کچھ بھی اور مرضی کے مطابق کھا پی سکتے ہیں اور ڈیٹاکس واٹر مضر صحت سب غذاؤں کا ازالہ کر دے گا۔

طبی ماہرین کے مطابق ڈیٹاکس واٹر وزن کم کرنے ، صاف جلد ، پیٹ کی چربی پگھلانے سمیت کئی بیماریوں کے لیے بہترین پانی ہے مگر اس کے استعما ل کے دوران چنداحتیاطی تدابیر کا بھی اپنانا ضروری ہے جیسے کہ جنک ، پروسیسڈ کھانوں سے پرہیز، کاربونیٹڈ واٹر یعنی کولا ڈرنکس سے مکمل اجتناب کرنا ۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ ڈیٹاکس واٹر صحیح طریقے سے اپنا اثر دکھائے اور آپ کو اپنے مطلوبہ نتائج حاصل ہوں تو اعتدال میں رہتے ہوئے سادہ اور صاف غذا کا استعمال کریں ۔

ڈیٹاکس واٹر بنانے کا طریقہ

ہمیشہ تازہ اور صاف پھلوں اور سبزیوں کا استعمال کریں ، سبزیوں اور پھلوں کو چھوٹا چھوٹا کاٹ لیں اور 6 گلاس نیم گرم پانی یا ٹھنڈے پانی میں شامل کر لیں، 1 سے 12 گھنٹوں تک اپنے پسندیدہ اجزا کو پانی میں بگھویا جا سکتا ہے، ڈیٹاکس واٹر کئی طرح سے بنایا جا سکتا ہے۔

لیموں، ادرک، کھیرا، پودینے کے پتوں سے ۔

بلیک بیری اور نارنجی سے۔

کھیرا اور پودینہ لیموں سے ۔

اسٹرابیری اور پودینہ

سیب کے ساتھایک انچ کا ٹکرا دارچینی۔

اپنی پسند کے مطابق کچھ بھی سادے پانی میں ملایا جا سکتا ہے، ڈیٹاکس واٹر کے بے شمار فوائد ہیں جو مندرجہ ذیل ہیں ۔

نظام ہاضمہ درست بناتا ہے

ڈیٹاکس واٹر نظام ہاضمہ اورآنتوں کی صحت بہتر بناتا ہے جس کے نتیجے میں متعدد بیماریوں کی جڑ قبض سے نجات ملتی ہے ۔

ڈیٹاکس واٹر انرجی ڈرنکس کا کام کرتا ہے

ڈیٹاکس واٹر ڈیہایئریٹ رہنے میں مدد فراہم کرتا ہے ، اس کے استعمال سے انسان خود کو تروتازہ اور ہلکا محسوس کرتا ہے ، ڈیٹاکس واٹر کے استعال سے موڈ پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

وزن کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے

سادہ پانی کے صحیح استعمال سے بھی وزن میں کمی آتی ہے ، ڈیٹاکس واٹر مضر صحت مادوں کے صفائے سمیت جسم میں چربی جمنے کے عمل کو بھی روکتا ہے ، اس کے استعمال سے میٹا بالز م بھی بہتر ہوتا ہے ۔

ڈیٹاکس واٹر سے متعلق غلط فہمیاں

طبی ماہرین کے مطابق جن افراد کے گردوں میں پتھری کی شکایت ہو انہیں ڈیٹاکس واٹر پینے سے احتیاط برتنا چاہے، ڈیٹاکس واٹر گردوں میں موجود پتھری کا علاج نہیں کرتا ہے ۔

ڈیٹاکس واٹر ہر کسی کے لیے یکساں موزوں نہیں ہو سکتا ہے، ڈیٹاکس واٹر کو اپنی روز مرہ روٹین میں شامل کرنے سے پہلے چند دن استعمال کر کے اطمنان کر لیں کے اس کے استعمال سے کوئی نقصان تو نہیں ہو رہا ہے ۔

ڈیٹاکس واٹر کے استعمال سے رنگ گورا نہیں ہوتا ہے البتہ جلد صاف، بے داغ اور صحت مند ضرور ہوتی ہے، ڈیٹاکس واٹر کا گورے رنگ سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔

ڈیٹاکس واٹر قوت مدافعت مضبوط نہیں بناتا ہے، اس میں موجود پھلوں میں وٹامن سی ہونے کے نتیجے میں ایک غلط فہمی پائی جاتی ہے کہ ڈیٹاکس واٹر قوت مدافعت مضبوط بنانے میں بھی کردار ادا کرتا ہے ، چند قاشیں لیموں یا کسی اور سٹریس پھل کے ڈیٹاکس واٹر میں استعمال سے قوت مدافعت کو مظبوط بنانے کے لیے مطلوبہ وٹامن سی کی مقدار پوری نہیں کرتا ہے ۔