کشمیری عوام کی جدوجہد الحاق پاکستان کیلئے ہے، چوہدری محمد قربان

August 05, 2020

لوٹن (شہزاد علی) کشمیری عوام کی جدوجہد الحاق پاکستان کے لیے ہے، مملکت پاکستان کے ساتھ کشمیر کی ریاست کا الحاق ایک فطری عمل ہوگا، ریاست جموں وکشمیر کے عوام کی اکثریت جغرافیائی اعتبار سے بھی پاکستان کے ساتھ منسلک ہے اور نظریاتی طور پر بھی جڑے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار کشمیر سالیڈ یریٹی کمپئین لوٹن کے کوآرڈی نیٹر حاجی چوہدری محمد قربان نے کیا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال 5 اگست کو بھارت نے اپنے اصل عزائم دنیا پر آشکار کر دیے اور کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے وہاں کے لوگوں پر مظالم کا ایک نیا لامتناہی سلسلہ شروع کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی برطانیہ کی نوجوان کشمیری نسل کو کشمیر کے تاریخی واقعات سے آگاہ کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے آزاد کشمیر حکومت کو تمام اوور سیز کشمیری باشندوں کو خصوصی شناخت دینی چاہیے اور حکومت پاکستان کو اعلیٰ سطح پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تا کہ کسی بھی ممکنہ رائے شماری کے عمل میں برطانوی اور دیگر اوورسیز کشمیری ڈائسفرا اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا محسن اور محافظ بھی ہے اور پاکستان ہی ہمارا وکیل ہے۔ انہوں نے رائے ظاہر کی ہے کہ کشمیری عوام کی بہت بڑی واضح اکثریت پاکستان کی حمایتی ہے اور پاکستان مخالف عناصر کو کشمیری عوام میں کبھی بھی پزیرائی نہیں مل سکتی۔ ہمارے اکابرین جن میں غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان، قائد کشمیر چوہدری نور حسین مرحوم، چوہدری غلام عباس، سردار فتح محمد خان کریلوی، سردار عبدالیقوم خان مرحوم شامل ہیں نے الحاق پاکستان کے لیے طویل مساعی کی ہے ہم آج بھی اس رستے پر گامزن ہیں۔ کشمیری عوام نے تحریک آزادی کشمیراور الحاق پاکستان کے لیے جو عظیم الشان قربانیاں دی ہیں وہ ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیر مکمل آزاد ہو کر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گا ۔