قربانی کے بعد بار بی کیو کا اہتمام

August 08, 2020

عید الاضحی پر اور اس کے بعد کئی روز تک گوشت سے بنے پکوان دسترخوان کی زینت بنتے ہیں۔ چٹ پٹے پکوانوں پر ہر کسی کا دل للچاتا ہے، کوئی مٹن کڑاہی تو کوئی بیف کباب اور کسی کو تکہ بوٹی کھا کر مزہ آتا ہے۔ خواتین اپنے اہل خانہ کے لیے نت نئی ڈشز تیار کرتی ہیں، جو نہ صرف کھانے میں ذائقہ دار ہوتی ہیں بلکہ دیکھنے میں بھی من کو بھاتی ہیں، کھانے والے بھی تعریف کیے بنا نہیں رہ پاتے۔ گوشت سےبنے پکوانوں کی خوشبو ہر گھر سے آرہی ہوتی ہے۔ تاہم جب بھی ہم کسی مزیدار اور خوشبودارکھانے کا تصور کرتے ہیں تو ذہن میں جن چیزوں کے نام آتے ہیں ان میں یقیناً باربی کیو(Barbeque) سرفہرست ہے۔

اس کا نہ صرف اپنا ہی مزہ ہے بلکہ اس کو بنانا کسی تفریح سے کم نہیں۔ باربی کیو میں آپ کو کئی گھنٹے کچن میں مختلف ڈشز بناتے ہوئے نہیں گزارنے پڑتے، بس گوشت کو کاٹ کر مسالہ لگانا ہوتا ہے۔ باربی کیو بناتے ہوئے سب ہی پرجوش ہوتے ہیں اور اس موقع کو بھرپور انجوائے کرتے ہیں۔

عیدِ قرباں پر چونکہ قربانی کا گوشت وافر مقدار میں ہوتا ہے، اس لیے گھر کے تمام افراد مل کر باربی کیو کرتے ہیں۔ موقع کی مناسبت سے آج ہم باربی کیو کی کچھ تراکیب قارئین کی نذرِ کررہے ہیں۔ تاہم تراکیب بتانے سے قبل ہم بتانا چاہتے ہیںکہ بار بی کیو کا اہتمام کرتے وقت آپ کن باتوں کا خیال رکھیں؟

یہ انتہائی ضروری ہے کہ باربی کیو کرنے کے لیے گوشت کو چند گھنٹے پہلے ہی میرینیٹ کر کے رکھ دیں، چاہے وہ قیمہ ہی کیوں نہ ہو۔ اگر آپ اسے رات بھر کے لیے میرینیٹ کردیں تو اس کا نتیجہ اور اچھا نکلتا ہے۔

بوٹیاں ہمیشہ چھوٹی بنائیں، اس طرح وہ اچھی طرح میرینیٹ ہوں گی اور گوشت کو خشک کیے بنا جلدی پک بھی جائیں گی۔ گوشت پر تھوڑی سی چربی رہنے دیں، یہ باربی کیو کو جوسی بننے میں مدد دیتی ہے۔ بکرے اور گائے کے گوشت کو اچھی طرح گلانے کے لیے کچا پپیتا استعمال کریں جو کہ اس کے ذائقے کو بھی بہتر بناتا ہے۔

باربی کیو گرل کو استعمال کرنے سے پہلے اچھی طرح صاف کر لیں کیونکہ گندی گرل سے باربی کیو میں جلنے کا ذائقہ شامل ہو جاتا ہے۔ اس لیے باربی کیو بنانے سے پہلے اور بعد میں گرل کو تھوڑا سا جلانا فائدہ مند رہتا ہے، اس طرح گرل پر لگے گوشت اور چربی کے ٹکڑے جل کر اُتر جاتے ہیں اور اس کو صاف کرنا آسان ہو جاتا ہے۔ کوئلے کے چھوٹے ٹکڑے استعمال کریں۔ اگر ٹکڑے بڑے ہوں تو ان کو توڑ کر چھوٹا کرلیں۔

اگر کوئلوں کو جلانے کے لیے کوئی چیز یعنی مٹی کا تیل وغیرہ استعمال کریں تو تیل ڈالنے کے بعد فوراً آگ مت لگائیں بلکہ تیل کو کوئلوں میں جذب ہونے دیں، ورنہ کوئلے بہت جلد جل کر ختم ہو جائیں گے اور آپ کے باربی کیو میں بھی مٹی کے تیل کی خوشبو بس جائے گی۔کوئلوں کو پوری گرل میں متوازن پھیلائیں تاکہ آگ سب جگہ برابر رہے اور وہ پوری طرح دہک جائیں۔کوئلوں کو دہکانے کے لیے دستی پنکھا یا کوئی شیٹ وغیرہ استعمال کریں۔ کوئلے کے شعلوں کو نہ زیادہ اوپر تک آنے دیں اور نہ ہی انھیں بلکہ ختم ہونے دیں بلکہ آگ کو کنٹرول میں رکھیں۔ باربی کیو کے دوران یہی چیز سب سے اہم ہے اور باربی کیو کا سارا انحصار اسی چیز پر ہے۔

مچھلی اور چکن تو بہت جلدی پک جاتے ہیں لیکن بکرے یا گائے کا گوشت پکنے میں زیادہ وقت لیتا ہے۔ اس لیے کوئلوں کی آگ کو اسی حساب سے رکھیں کہ گوشت آسانی سے پک جائے۔ ایک پیالے میں تیل قریب رکھیں اور اسے کسی برش کی مدد سے ضرورت کے تحت گوشت پر لگاتے رہیں، زیادہ لگانے سے پرہیز کریں کیونکہ زیادہ تیل گوشت کو جلا دے گا۔گوشت کو گرل پر ضرورت کے تحت پلٹتے رہیں تاکہ یہ جلنے سے محفوظ رہے۔

گوشت کو ضرورت سے زیادہ مت پکائیں، ورنہ یہ خشک ہو جائے گا۔باربی کیو کو تازہ اور گرما گرم کھائیں، اگر آپ نے اسے ٹھنڈا ہونے کے لیے چھوڑ دیا تو یہ ضائع ہو جائے گا۔مزیدار باربی کیو کے ذائقے کو دوبالا کرنے کے لیے اس کے ساتھ مزیدار سی چٹنی بھی بنا لیں۔ اب جبکہ باربی کیو کی تمام ضروری ٹپس آپ کے پاس ہیں تو چند مزیدار تراکیب کا ذکر کرتے ہیں۔

بہاری کباب / بوٹی

درکار اجزاء:

گوشت۔ آدھا کلو (باریک پارچے)

دہی۔ 100گرام

پپیتا پسا ہوا۔ دو کھانے کے چمچ

پیاز۔ ایک عدد (کٹی اور فرائی کی ہوئی)

لہسن ادرک پسا ہوا۔ دو کھانے کے چمچ

سفید زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ (بھنا اور پسا ہوا)

لال مرچ کُٹی ہوئی۔ ایک کھانے کا چمچ

گرم مسالہ پسا ہوا۔ ایک چائے کا چمچ

ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ

بیسن (بھنا ہوا)۔ چار کھانے کے چمچ

سرسوں کا تیل۔ چار کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

سلاد کے پتے: تین سے چار عدد

کھیرا۔ دو سے تین عدد

ٹماٹر۔ دو سے تین عدد

ترکیب:

ایک بڑے پیالے میں بیف کے پارچے اور تما م اجزاء شامل کرکے اچھی طرح ملالیں، اب اسے دو سے تین گھنٹے کے لئےرکھ دیں۔اس کے بعد گوشت گرل پر لگا کر باربی کیو کرلیں یا اگر آپ چاہیں تو اسے بیک یا فرائی بھی کرسکتے ہیں۔سلاد کے پتوں، کھیرے اور ٹماٹروں کے ساتھ گرم گرم بہاری بوٹی پیش کریں۔

افغانی کباب

درکار اجزاء:

قیمہ۔ ایک کلو

پیاز۔ ایک عدد

شملہ مرچ۔ ایک عدد

ٹماٹر۔ ایک عدد

ہری مرچ۔ تین عدد

ہرا دھنیا۔ آدھی پیالی

ثابت دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ

زیرہ۔ ایک کھانے کا چمچ

کٹی لال مرچ۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

بیسن۔ چوتھائی پیالی

انار دانہ۔ دوکھانے کے چمچ

ترکیب:

پیاز، شملہ مرچ، ٹماٹر اور ہری مرچ کو باریک کاٹ کر قیمہ میں مکس کریں، ساتھ ہی نمک، کٹی لال مرچ، بیسن، انار دانہ اور باقی تمام اجزءا شامل کر کے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب قیمہ کو سیخ پر لگا کرکوئلوںپر سینک لیں یا پتیلی میں ہلکا سا تیل ڈال کر فرائی کرلیں،مزیدار افغانی کباب تیار ہیں۔

باربی کیو سیخ بوٹی

درکار اجزاء:

گوشت(بغیر ہڈی کا)۔ ایک کلو

دہی۔ آدھی پیالی

پیاز (درمیانی)۔ ایک عدد

ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ

دھنیا (پساہوا)۔ ایک کھانے کا چمچ

ادرک پسی ہوئی۔ ایک کھانے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

لال مرچ پسی ہوئی۔ حسب ذائقہ

گھی۔ حسب ضرورت

پپیتا پسا ہوا۔ ایک کھانے کا چمچ

ترکیب:

گوشت کے ٹکروں کو ابلتے ہوئے پانی میں پانچ منٹ تک بھگو دیجئے۔ پھر نکا ل کر تمام مسالے اور دہی ملا دیںتاکہ گوشت کے ہر ٹکڑے پرمسالہ اچھی طرح لگ جائے۔ اب گوشت کی بوٹیوں کو سیخ میں پرودیں اور کوئلوں پر چاروں طرف سے سینک لیں۔ گوشت پر گھی چمچے سے ٹپکاتے جائیں۔ مزیدار باربی کیو سیخ بوٹی تیار ہیں ۔ اسے سلاد اور چٹنی کے ساتھ مزے لے کر کھائیں۔

باربی کیو بیف چلی

درکار اجزاء:

گوشت۔ آدھا کلو (چھوٹی بوٹیاں)

سفید سرکہ۔ دو کھانے کے چمچ

سویا سوس۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

چینی۔ ایک چائے کا چمچ

کارن فلور۔ ایک کھانے کا چمچ

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

باربی کیو سوس۔ دوکھانے کے چمچ

ہری مرچ۔ دس عدد (لمبی باریک کٹی ہوئی)

تیل۔ حسب ضرورت

تِل کا تیل۔ ایک چائے کا چمچ

ترکیب:

پہلےبوٹیوں کو اچھی طرح دھو کر ایک کھانے کا چمچ سفید سرکہ، ایک کھانے کا چمچ سویا سوس، نمک، چینی، کارن فلور، کالی مرچ اور باربی کیو سوس ملا کر دس سے پندرہ منٹ کے لئے رکھ دیں۔ اب فرائنگ پین میں ذرا سی چکنائی لگاکر مسالہ لگی بوٹیاں الگ الگ کرکے رکھیں اور ان کا اپنا پانی خشک کرلیں، پھر گرل پین گرم کرکے اس پر بھی ذرا سی چکنائی لگا کر خشک کی ہوئی بوٹیاں پھیلا کر رکھ لیں۔

جب وہ دونوں طرف سے اچھی طرح سک جائیں تو انہیں سرونگ ڈش میںنکال لیں۔اب فرائنگ پین میں ایک کھانے کا چمچ تیل گرم کرکے ہری مرچ، سویا سوس، سفید سرکہ اور نمک ڈال کر فرائی کریں۔ پھر تیار بوٹیوں پر ڈال دیں،ساتھ ہی تل کا تیل ڈال کر گرم گرم پیش کریں۔

باربی کیو مٹن نمکین

درکار اجزاء:

مٹن۔ ایک کلو

نمک۔ ڈیڑھ چائے کا چمچ

سفید مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔ پانچ کھانے کے چمچ

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

چاٹ مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

گوشت میں نمک، سفید مرچ، لیموں کا رس، کالی مرچ، چاٹ مسالہ لگاکر ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ اب سیخوں میں گوشت لگائیں او ر انگیٹھی پر دہکتے کوئلوں پر سینکتے جائیں، ساتھ برش سے تیل لگاتے جائیں۔ پھر اس پر چاٹ مسالہ چھڑک کر سلاد اور نان کے ساتھ پیش کریں۔

مسالے دار تکے

درکار اجزاء :

گوشت۔ آدھا کلو

لہسن پسا ہوا۔ دو کھانے کے چمچ

ادرک پسا ہوا۔ دو کھانے کے چمچ

پیاز۔ ایک عدد

دہی۔ آدھی پیالی

پپیتا پسا ہوا۔ دو چائے کے چمچ

جائفل جاوتری۔ آدھا چائے کا چمچ

لونگ۔ چار عدد

ہلدی۔ آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچیں۔ دس عدد

بڑی الائچی۔ ایک عدد

ثابت دھنیا۔ ایک کھانے کا چمچ

سفید زیرہ۔ آدھا کھانے کا چمچ

دارچینی۔ ایک انچ کا ٹکڑا

سونٹھ۔ ایک چائے کا چمچ

ثابت سرخ مرچ۔ چار عدد

کباب چینی۔ آدھا چائے کا چمچ

تیل۔ آدھی پیالی

ترکیب :

گوشت کو اچھی طرح دھوکر خشک کرلیں اور کانٹے سے اچھی طرح گودھ لیں۔ ثابت دھنیا اور سفید زیرہ بھون کر پیس لیں۔ اس کے بعد جائفل جاوتری، لونگیں، کالی مرچیں، بڑی الائچی، کالا زیرہ، دارچینی ، سونف، سرخ مرچیں اور کباب چینی کو موٹا موٹا کوٹ لیں۔ گوشت کو کسی بڑے پیالے میں ڈال کر اس میں پسے ہوئے تمام مسالے ، ادرک لہسن اور پپیتا ملا کر اچھی طرح مکس کریں اور چار گھنٹے کےلیےرکھ دیں۔

پھر ایک سوس پین میں تیل گرم کرکے اس میں پیاز ڈال کرسنہری ہونے تک فرائی کریں۔ اس کے بعدمسالہ لگے تکے ڈال کر بھونیں، دہی شامل کرکے مزید بھونیں پھر ڈھکن ڈھانک کر درمیانی آنچ پر پکائیں۔ گوشت گل جائے اور پانی خشک ہوجائے تو سرونگ ڈش میں نکال کرہرے دھنیے ، ٹماٹراور پیاز کے لچھوں سےسجائیں۔ مزیدار مسالے دار تکے تیارہیں، نان یا چپاتی کے ساتھ نوش کریں۔

باربی کیو فوائل چانپیں

درکار اجزاء:

بکرے کی چانپیں۔2/1کلو

ہرا دھنیا(چوپ کیا ہوا)۔4/1گڈی

پسی ہوئی ہلدی۔ایک چائے کا چمچ

پسی ہوئی لال مرچ۔ایک کھانےکا چمچ

پسا ہوا لہسن، ادرک۔2 کھانے کے چمچ

پسا ہوا کچا پپیتا۔3 کھانے کے چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

تیل۔3 کھانے کے چمچ

سلاد پتے، ٹماٹر، پیاز، کھیرا، لیموں ۔ سجانے کے لئے

ترکیب:

چانپوں پر پپیتا اور نمک لگا کر 15 منٹ کے لئے رکھ دیں۔ پھر اس میں باقی تمام اجزاء ملائیں۔ المونیم فوائل کے ٹکڑوں پر ایک ایک چانپ رکھ کر اسے لپیٹ لیں۔ انگیٹھی پر کوئلے گرم کریں اور اس کے اوپر جالی رکھیں، جالی کے اوپر چانپیں رکھ دیں اور تھوڑی تھوڑی دیر کے بعد انہیں پلٹتے رہیں۔15منٹ بعد چانپ کو کھول کر دیکھیں۔

اگر وہ اچھی طرح سے گل گئی ہو تو باقی چانپیں بھی اتار لیں۔ بصورت دیگر، انہیں مزید 5منٹ تک پکائیں۔ مزیدار چانپیں سلاد پتے، ٹماٹر،کھیرے، پیاز اور لیموں سے سجا کر پیش کریں۔

غلافی کباب

درکار اجزاء:

چکن قیمہ۔600گرام

چوپ کی ہوئی پیاز۔2عدد

چوپ کیے ہوئے ٹماٹر۔2عدد

سبز شملہ مرچ۔2عدد

دھنیے کے پتے۔1کھانے کا چمچ

سبز مرچیں۔ 1کھانے کا چمچ

نمک۔حسبِ ذائقہ

کھانے کا تیل۔حسبِ ضرورت

کاجو۔20گرام

بادام۔ 20گرام

پودینہ۔10گرام

لال مرچ پاؤڈر۔1کھانے کا چمچ

گرم مسالہ پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

ادرک لہسن پیسٹ۔1کھانے کا چمچ

زیرہ پاؤڈر۔1چائے کا چمچ

لیموں کا رس۔1کھانے کا چمچ

فریش کریم۔1کھانے کا چمچ

کیوڑا واٹر۔آدھا چائے کا چمچ

ترکیب:

ایک گرینڈر میں قیمہ، پیاز،نمک، لال مرچ پاؤڈر، گرم مسالہ، ادرک لہسن پیسٹ، زیرہ پاؤڈر، لیموں کا رس، دھنیے کے پتے، پودینے کے پتے، سبز مرچیں، فریش کریم، کیوڑا واٹر، کاجو اور بادام ڈال کر تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح گرینڈ کر لیں۔

اب اس قیمے کے مکسچر کو لکڑی کی سیخ پر لگا کر کباب بنا لیں۔ پھر ایک پلیٹ میں چوپ کی ہوئی پیاز، چوپ کیے ہوئے ٹماٹر اور سبز شملہ مرچ ڈالیں۔ اب یہ تمام سبزیاں کباب کے ساتھ اچھی طرح لپیٹ لیں۔ پھر تیار کئے ہوئے کباب کو 180ڈگری پر آٹھ سے دس منٹ کے لئے بیک کر لیں۔

راجستھانی سیخ کباب

درکار اجزاء:

گوشت۔ ایک کلو

تیل۔حسبِ ضرورت

لونگ۔ 9 ملی گرام

کالی مرچ۔ 20 گرام

پیاز۔ 125 گرام

ادرک۔ 50 گرام

خشک دھنیا۔ 10 گرام

نمک۔ 10 گرام

سرخ مرچ۔ 20 گرام

دہی اور میدہ۔ حسبِ ضرورت

بادام ۔چند گریاں

ترکیب:

گوشت کے پارچے بنا لیں۔ انہیں سل پر رکھ کر کوٹیںاور پیاز اور ادرک کا عرق ان پر مل لیں۔ پھر مسالے پیس کر اس میں تھوڑا دہی اور تیل ملا کر پارچوں کو بگھار دیں ۔ اب انہیں سیخوں پر چڑھا کر آگ پر پکائیں اور سیخوں سے اتار کر رکھ لیں۔ تھوڑی پیاز لے کر بہت باریک کتریں اور تھوڑے سے تیل میں بھون لیں۔ پھر اس کا تیل اور لال مرچوں کے ساتھ آمیز ہ بنالیںاور مسالے شامل کرکے بگھار دےلیں۔

اب گوشت کے پارچوںکو لپیٹ کر ان کو ایک بار پھر سیخوں میںلگادیں۔ اس دوران بادام پیس کر تھوڑے دودھ اور میدے کے ساتھ آمیزہ بنا لیں۔ اس آمیزے کو لونگ کا بگھار دیں لیں۔ جب کباب سیخوں پر پک رہے ہوں تو یہ آمیزہ ان پر لگائیں۔ لیجیے مزیدار راجستھانی سیخ کباب تیار ہیں۔