چوہدری محبوب تحریک کشمیر پرتگال کے چیئرمین بن گئے

August 13, 2020

پرتگال(پ ر) تحریک کشمیر یورپ پرتگال کے انتخابات میں چوہدری محبوب احمد کو چیئرمین، ڈاکٹر سہیل جرال صدر اور حبیب الرحمان کو نائب صدر منتخب کرلیاگیا۔ اجلاس میں تحریک آزادی کشمیر اور یورپ میں مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کی قربانیوں کو اجاگر کرنے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی سفارتی کوششوں کو تیز کرنے کے لیے مختلف پہلوں پر غور وخوض کیا گیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ ایک سال سے لاک ڈائون اور بھارت نے جس طرح کے حالات پیدا کر رکھے ہیں دنیا کی توجہ مبذول کرانے کے لیے پرتگال کی حکومت اور ایوانوں تک موجودہ صورت حال کو پیش کرنے کے لیے کوششوں کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ تحریک کشمیر یورپ کے نو منتخب صدر ڈاکٹر سہیل جرال نے کہا کہ کشمیری کی جدوجہد حق اور انصاف پر مبنی ہے، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے پُرامن اور جمہوری جدوجہد کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کا پرامن اور جمہوری حل موجود ہے جسے بھارت نے پوری دنیا کے سامنے تسلیم کر رکھا ہے۔ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے بھارت کو مجبور کریں تاکہ خطے میں امن قائم رہے۔ تحریک کشمیر پرتگال کے رہنمائوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے جو سازشیں کر رہا ہے اسے کشمیری قبول کرنے کے لیے تیار نہیں غیر کشمیریوں کو آباد کرنا عالمی معاہدوں کی خلاف ورزی ہے جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہئے۔