"2020 میں فلم دیکھیے 1920 کی قیمت پر"، امریکا میں سنیما کھلنے لگے

August 15, 2020

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب بند سنیما ہالز اب ایک بار پھر کھلنے لگے ہیں اور دنیا کی سب سے بڑی سنیما چین ʼاے ایم سی انٹرٹینمنٹ ہولڈنگزنے بھی امریکا میں اپنے بیشتر سنیما کھولنے کا اعلان کیا ہے۔’’اے ایم سی‘‘ کی انتظامیہ نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ 20 اگست سے فلم بینوں کے لیے امریکا میں موجود اپنے دو تہائی سنیما ہالز کے دروازے کھول دے گی۔’’اے ایم سی‘‘ کے امریکا میں مجموعی طور پر 600 سے زائد سنیما ہیں جن میں سے لگ بھگ 400 کو احتیاطی تدابیر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔فلم بینوں کو دوبارہ سنیما آنے پر راغب کرنے کے لیے ʼاے ایم سی نے سنیما کھولنے کے پہلے روز ٹکٹ کی قیمت صرف 15 سینٹ مقرر کی ہے۔ کم قیمت پر ٹکٹوں کی فروخت کے لیے کمپنی نے تشہیری مہم بھی شروع کردی ہے جس کا مرکزی نعرہ "2020میں فلم دیکھیے 1920 کی قیمت پر" ہے۔کمپنی کے مطابق پہلے مرحلے میں امریکا کے 100سے زائد مقامات پر سنیما ہالز کھولے جائیں گے۔اے ایم سی کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ ہفتوں میں مزید مقامات پر واقع اپنے دیگر سنیما بھی کھولنے کی تیاری کر رہی ہے۔اس سے قبل بھی ʼاے ایم سی نے یکم جولائی سے امریکا اور برطانیہ بھر میں اپنے سنیما ہالز کھولنے کا اعلان کیا تھا تاہم امریکامیں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے بعد ازاں کمپنی نے سنیما کھولنے کا فیصلہ مؤخر کردیا تھا۔اے ایم سی نے اعلان کیا ہے کہ سنیما آنے والے فلم بینوں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ تھیٹر میں تماشائیوں کی تعداد محدود رکھی جائے گی جب کہ سنیماؤں کے وینٹی لیشن سسٹم کو بھی اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔