براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں 2 ماہ میں 40 فیصد اضافہ

September 19, 2020

اسلام آباد (اے پی پی) ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 40فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ا سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمارکے مطابق جولائی سے لے کر اگست 2020تک کی مدت میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 227ملین ڈالر ریکارڈکیاگیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 40 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 162ملین ڈالر ریکارڈکیا گیا تھا۔سب سے زیادہ براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ناروے، مالٹا اور ہالینڈ کی جانب سے کی گئی ہے جس کا مجموعی تناسب 54فیصد بنتا ہے۔ ناروے نے اس عرصہ میں 45ملین ڈالر، ہالینڈ نے 41ملین ڈالر اور مالٹا کے سرمایہ کاروں نے 37ملین ڈالرکی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی ہے۔فنانشل بزنس اور کمیونی کیشن دوایسے شعبے ہیں جہاں سب سے زیادہ غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی ہے، فنانشل بزنس کے شعبہ میں جاری مالی سال کے ابتدائی دوماہ میں 85ملین ڈالر اورکمیونیکیشن کے شعبہ میں 36.5ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈکی گئی ہے۔ اسی طرح تیل وگیس کے شعبہ میں 34.3 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ہوئی۔