کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کی شجر کاری مہم

September 22, 2020

پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار مصطفے قریشی نے کہا ہے کہ شجرکاری عبادت ہے درخت اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے درختوں کی پرورش کے لاتعداد فوائد ہیں جبکہ ملک کی معیشت میں بھی اس کی بہت اہمیت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل کوچنگ سینٹر میں نیو پورٹس انسیٹیوٹ اور کراچی اسپورٹس فاؤنڈیشن کیجانب سے سرسبز پاکستان مہم کے سلسلے میں جاری شجرکاری مہم میں پودے لگانے کے موقع پر کیا۔

اداکار مصطفی قریشی شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے ساتھ میں آصف عظیم، تہیمنہ آصف، ہما بخاری، خالد جمیل شمسی،احمد علی راجپوت بھی نمایاں ہیں

اس موقع پر نیوپورٹس انسیٹیوٹ کی چیئرپرسن ہما بخاری، حاجی مسعود پاریکھ، این سی سی کے ڈائریکٹر رفیق پیرزادہ، کے ایس ایف کے چیئرمین آصف عظیم، صدر وسیم ہاشمی، ایس وی پی تہمینہ آصف، نائب صدر محمد ذیشان مرچنٹ، اے کے میمن، احمد علی راجپوت،خالد شمسی، محموداحمد خان، زیرک فاطمہ سمیت دیگر سماجی شخصیات بھی موجود تھیں مصطفی قریشی کاکہنا تھا کہ آج ہمارا معاشرہ زبوں حالی اور ماحول آلودگی کاشکار ہے ایسے میں شجرکاری کے ذریعے سرسبز پاکستان مہم میں ہر فرد پودا لگا کراپنا قومی فریضہ پوراکرے ہم سب کی قومی ذمّے داری ہے کہ سرسبز پاکستان کے مشن کی تکمیل کیلئے آگے آئیں تاکہ اجتماعی کوششوں سے اپنے اردگردکے ماحول کوبہتر بناسکیں۔

نیو پورٹس کی ہمابخاری کا کہنا تھا کہ ہم نے شجرکاری کو بطور مشن شروع کیا ہے ، کے ایس ایف کے چیئرمین آصف عظیم نے شجرکاری مہم میں حصّہ لینے پر مصطفی قریشی کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر مصطفی قریشی سمیت دیگر شخصیات نے پودے لگائے۔