وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر سے متعلق کراچی میں اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کاٹی، سائٹ، بی کیو اے ٹی آئی سمیت اہم صنعتی تنظیموں نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، میئر اور کمشنر کراچی اور دیگر شریک ہوئے۔
ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ نے صنعتی زونز کے لیے 9.28 ارب روپے فنڈز کی منظوری دی، صنعتی علاقوں میں سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کی فوری مرمت کے پہلے مرحلے کی منظوری دی گئی۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ میئر اور کمشنر کی مشاورت سے فنڈز کی منصفانہ تقسیم کی گئی ہے، سائٹ سپر ہائی وے فیز ون اور ٹو کے لیے 700 ملین روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری، ایف بی ایریا ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے لیے 860.55 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔
بن قاسم ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے لیے 1 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ منصوبہ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس سے مالی اعانت کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ نے ہدایت کی کہ پی سی ون کو حتمی شکل دینے کے لیے کابینہ فنانس کمیٹی سے منظوری لی جائے۔
ترجمان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ نے شفاف عمل درآمد کے لیے اوور سائٹ کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ نے صنعتی ترقی کو روزگار، برآمدات اور معیشت کے لیے ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ صنعتی انفرااسٹرکچر کی بحالی سے کاروباری لاگت میں کمی اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔