ہلکی بھوک ہو تو مزیدار سینڈوچ کھائیں

September 26, 2020

سینڈوچ ایک ایسی خوراک ہے جس میں عام طور پر سبزی، انڈے، چیز اور گوشت کو سلائس کے درمیان رکھ کر کھایا جاتا ہے۔ سینڈوچز کو عموماًہلکی سی بھوک کے دوران کھایا جاتا ہے۔ سینڈوچز بآسانی گھر میں موجود اشیا سے تیار کیے جاسکتے ہیں۔ مختلف طریقوں سے بنے لذیذ سینڈوچز کا شام کی چائے کے ساتھ خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اکثر لوگ روایتی پکوان سے ہٹ کر کچھ کھانا چاہتے ہیں ان کے لیے سینڈوچ بہترین نعم البدل ثابت ہوتے ہیں۔ آجکل سینڈوچز کی ایک نئی قسم پانینی بھی ہمارے ہاں بہت مقبول ہو رہی ہے، بالخصوص نوجوان پانینی سینڈوچز بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ ساسجز (جنھیں مٹن، بیف اور چکن کے قیمے سے تیار کیا جاتا ہے) سے بنے سینڈوچز بھی رغبت سے کھائے جاتے ہیں۔ سینڈوچز تیار کرنے کی چند تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔ جب گھروالے تعریفیں کرکے کھائیں گے تو آپ کو بہت خوشی محسوس ہوگی۔

کوئین آف کلب سینڈوچ

درکار اجزاء:

چکن بریسٹ (اُبلا ہوا)۔ ایک عدد

کیچپ۔ آدھا کھانے کا چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک چوتھائی چائے کاچمچ

بریڈ سلائسز۔ تین عدد

آملیٹ۔ ایک انڈے کا

چیز سلائس۔ ایک عدد

ٹماٹر اور کھیرے کے سلائس۔ حسب ضرورت

مایونیز۔ ایک چوتھائی کپ

ترکیب:

بریڈ سلائز گرل پین پر ٹوسٹ کر لیں اور ان پر مایونیز لگالیں۔ پھر ان پر اُبلے ہوا چکن بریسٹ ڈال دیں اور بریڈ کا دوسرا سلائس رکھ دیں۔ اب اس پر مایونیز لگا کر ایک عدد چیز سلائس رکھیں پھر انڈے کا آملیٹ ڈالیں۔ اس پر ٹماٹر اور کھیرے کے سلائس رکھیں، پھر سلادپتے رکھیں۔ اب اس پر تیسرا سلائس رکھ کر درمیان سے اس کے سلائسز کاٹ لیں۔ اس کے بعد درمیان سے سینڈوچ کے مزید سلائسز کاٹ کر کولسلو اور فرنچ فرائز کے ساتھ پیش کریں۔

ملائی بوٹی سینڈوچ

درکار اجزاء:

چکن بوٹی۔ آدھا کلو

مکھن ۔ایک پیکٹ

پودینہ۔ ایک گٹھی ﴿باریک کٹا ہوا

ڈبل روٹی۔ ایک عدد

پیاز۔ دو عدد (لچھے میں کٹی ہوئی)

لیموں ۔دو عدد

ہری مرچ۔ چار عدد ﴿باریک کٹی ہوئی

تازہ گرم دودھ۔ آدھی پیالی

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ ﴿کُٹی ہوئی

ادرک کا پیسٹ۔ ایک کھانے کا چمچ

تندوری مسالہ۔ دو کھانے کے چمچ

تیل۔ دو کھانے کے چمچ

فریش کریم۔ تین کھانے کے چمچ

مایونیز۔ حسب ضرورت

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب:

لچھے میں کٹی پیاز دھوکر نمک کے پانی میں دو منٹ کے لیے ڈال کر نکالیں۔ پھر ان میں لیموں کا رس، نمک، باریک کٹا پودینہ اور باریک کٹی ہری مرچ ملادیں۔ اب چکن بوٹی میں ادرک کا پیسٹ اور نمک لگاکر ہلکا سا کچل لیں۔ پھر تندوری مسالہ، فریش کریم اور کُٹی کالی مرچ ملاکر پانچ منٹ کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد فرائنگ پین میں تیل گرم کرکے چکن کو اسٹر فرائی کریں۔ جب پانی خشک ہوجائے تو اسے ٹھنڈا کرکے باریک ٹکڑے کرلیں۔

اب الگ پیالے میں مایونیز اور مکھن مکس کریں۔ پھر گرم دودھ شامل کرکے تین منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد ایک ایک سلائس پر پہلے مایونیز اور مکھن لگائیں اور چکن پھیلاکر رکھیں۔ اب تیار کی ہوئی تھوڑی سی پیاز ڈال کر اوپر دوسرا سلائس رکھیں اور کنارے کاٹ دیں۔ دو ٹکڑے کرکے مزے دار سینڈوچز پیش کریں۔

ہاٹ چکن سوسج سینڈوچ

درکار اجزاء:

چکن سوسج کے ٹکڑے۔ چھ عدد

بریڈ رول۔ چھ عدد (سینڈوچ کےلئے)

تیل۔ تلنے کےلئے

مایونیز۔ حسبِ ضرورت

چلی کیچپ۔ حسبِ ضرورت

چلی گارلک سوس۔ حسبِ ضرورت

مسٹرڈ پیسٹ۔ تیس گرام

پیاز ۔ تین عدد (رِنگ کی شکل میں)

سرکہ۔ پچاس گرام

کالی مرچ پاؤڈر۔ ایک چٹکی

ٹماٹر۔ دو عدد

سلاد پتہ۔ تھوڑا سا

کھیرا۔ ایک عدد

نمک۔ ایک چٹکی

ترکیب:

ایک فرائنگ پین میں پیاز کو سرکہ کے ساتھ فرائی کرنے کےلئے رکھ دیں اور پین کو ڈھانپ دیں۔ جب پیاز گَل جائے تو اسے ایک پیالے میں نکال لیں۔ اب ایک پین میں تیل گرم کرکے اس میں سوسجز ڈال کر فرائی کریں۔ جب یہ براؤن ہوجائیں تو انہیں ایک ڈش میں نکال لیں۔ اب ایک بریڈ رول کو درمیان سے کاٹ کر ایک سوسج کو اس میں رکھیں۔ پھر اس کے اوپر مسٹرڈ پیسٹ، چلی گارلک سوس، مایونیز، کھیرا، کالی مرچ پاؤڈر، نمک اور سرکے والی پیاز ڈال دیں۔ ایک بار پھر تھوڑی سی مایونیز ڈال دیں۔ اب اس کے اوپر چلی کیچپ، ٹماٹر اور سلاد کا پتہ ڈال کر اس بریڈ رول کو بند کردیں۔ لیجیے مزیدار ہاٹ چکن سوسج سینڈوچ تیار ہیں۔

تندوری کلب سینڈوچ

چکن بنانے کیلئے اجزاء:

چکن بریسٹ۔ ایک عدد (باریک لمبائی میں کاٹ لیں)

دہی۔ ایک کھانے کا چمچ

تندوری مسالہ۔ ایک کھانے کا چمچ

لیموں کا رس۔ ایک چائے کا چمچ

ادرک لہسن پیسٹ۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ حسب ذائقہ

کالی مرچ۔ دو چٹکی

مسٹرڈ پاوڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

کیچپ۔ ایک کھانے کا چمچ

سینڈوچ بنانے کے اجزاء:

بریڈ سلائسز۔ حسب ضرورت

مایونیز۔ حسب ضرورت

مکھن۔ حسب ضرورت

آملیٹ۔ ایک یا دو انڈوں کا

ٹماٹر۔ دو عدد

سلاد کے پتے۔ حسب ضرورت

کھیرا۔ حسب ضرورت

ترکیب:

کالی مرچ، مسٹرڈ پاوڈر اور کیچپ کے علاوہ سب اجزاء کو مکس کر کے چکن پر لگادیں اور آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر ایک پین میں ایک کھانے کا چمچ تیل ڈال کر چکن کو فرائی کریں اور اتنا پکائیں کہ وہ گل جائے۔ تیار ہونے پر اس کے اوپر کالی مرچ، مسٹرڈ پاوڈر اور کیچپ ڈال کر مکس کریں اور چولہے سے اتار کر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

چکن ٹھنڈی ہونے کے دوران سینڈوچ کا مسالہ تیار کر لیں۔ بریڈ سلائسز پر مکھن لگا کر مایونیز لگائیں اور اس کے اوپر چکن رکھ دیں، پھر اوپر دوسرا سلائس رکھ کر مایونیز اور سلاد کا پتہ رکھیں۔ پھر کٹا ہوا کھیرا، ٹماٹر، آملیٹ اور سب سے اوپر تیسرا سلائس رکھ کر درمیان سے کاٹ لیں۔ لیجیے مزیدار سینڈوچ تیار ہے، سلاد، فرنچ فرائز اور کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔

پیپر سینڈوچ

درکار اجزاء:

سینڈوچ بریڈ۔ چھ عدد سلائس

چیڈر چیز۔ چھ عدد

ٹماٹر۔ دو عدد (سلائس کیے ہوئے)

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

ترکیب:

پہلے سینڈوچ بریڈ کو اچھی طرح بیلن سے بیل لیں۔ پھر سینڈوچ بریڈ کو ٹوسٹ کر لیں۔ اس سینڈوچ بریڈ میں ٹماٹر، چیڈر چیز اور کالی مرچ ڈال لیں اور اوپر دوسرا بریڈ سلائس رکھ دیں۔ پھر اس کو فرائی پین میں تھوڑے سے تیل میں فرائی کرکے پیش کریں۔

پیزا سینڈوچ

درکار اجزاء:

بریڈ سلائس ۔ آٹھ عدد

چکن تکہ میٹ۔ ایک عدد (کیوبز میں کٹا ہوا)

پیاز۔ ایک عدد (چھوٹے کیوبز میں کٹی ہوئی)

شملہ مرچ۔ ایک عدد (چھوٹے کیوبز میں کٹی ہوئی)

ٹماٹر۔ ایک عدد (چھوٹے کیوبز میں کٹا ہوا)

مکھن۔ چار اونس

نمک۔ آدھا چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

زیتون۔ چار سے چھ عدد (کٹے ہوئے)

اوریگانو۔ ایک چائے کا چمچ

چیڈر چیز۔ ایک کپ (کدوکش کی ہوئی)

پیزا سوس۔ آدھا کپ

لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ (کُٹی ہوئی)

ترکیب:

سب سے پہلے بریڈ سلائسز پر مکھن لگائیں۔ پھر ایک پیالے میں پیاز، ٹماٹر، شملہ مرچ، چکن تکہ میٹ کیوبز، نمک، کالی مرچ، زیتون، اوریگانو، چیڈر چیز، پیزا سوس ار کُٹی لال مرچ ڈال کر مکس کریں۔ اب بریڈ کے ایک سلائس کو ٹوسٹر پر رکھیں اور درمیان میں فلنگ بھر کر دوسرا سلائس رکھ دیں۔ پھر اسے پانچ منٹ کے لیے ٹوسٹ کر لیں۔ باقی بریڈ سلائسز بھی اسی طرح تیار کریں۔

چیز ٹوٹسٹ

درکار اجزاء:

چیڈر چیز۔ آدھا کپ (کدو کش کی ہوئی)

بران بریڈ۔ سلائس دس سے بارہ عدد

دودھ۔ آدھا کپ

مسٹرڈ ۔ آدھا چائے کا چمچ

زیتون کا تیل۔ حسب ضرورت

کالی مرچ پاؤڈر۔ آدھا چائے کا چمچ

مکھن۔ ایک چائے کا چمچ

ٹماٹر۔ دو عدد (سلائس میں کٹے ہوئے)

شملہ مرچ۔ ایک عدد (سلائس میں کٹی ہوئی)

ہری مرچ۔ دو عدد (باریک کٹی ہوئی)

ترکیب:

چار عدد بریڈ سلائسز کو ٹرائی اینگل میں کاٹ لیں اور بیکنگ ٹرے پر رکھ دیں۔ تھوڑا سا زیتون کا تیل اوپر چھڑک دیں اور گرم اوون میں پانچ منٹ کےلئے 180ڈگری سینٹی گریڈ پر بیک کرلیں۔ باقی بریڈ سلائسز کو چوپر کی مدد سے پیس کر بریڈ کرمبز بنا لیں۔ ایک پین میں دودھ گرم کرکے اس میں چیڈر چیز ڈال دیں اور پکنے دیں۔

پھر مسٹرڈ پاؤڈر، کالی مرچ پاؤڈر اور مکھن کو دودھ اور چیز والے مکسچر میں ڈال کر مکس کرلیں۔ جب چیز پگھل جائے تو اس میں بریڈ کرمبز ڈال کر مکس کریں۔ بریڈ ٹرائی اینگل کو اوون سے نکال لیں۔ ہر ایک ٹرائی اینگل پر ایک ٹکڑا شملہ مرچ اور ایک ٹکڑا ٹماٹر کا رکھ دیں۔ اب اس پر چیز سوس پھیلا کر ہری مرچ چھڑک دیں۔ پھر اوون میں ٹوسٹ کرلیں یہاں تک کہ ہلکا سنہرا رنگ آجائے۔ اب فرنچ فرائز کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔

گرلڈ اسٹیک سینڈوچ

اسٹیک کے اجزاء:

چکن بریسٹ فلے۔ دو عدد

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

ڈیجون مسٹرڈ پیسٹ۔ ایک چائے کا چمچ

کالی مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ (کٹی ہوئی)

لہسن (کٹا ہوا)۔ آدھا چائے کا چمچ

سویا سوس۔ حسبِ ذائقہ

تیل۔ دو کھانے کے چمچ

سینڈوچ فلنگ کیلئے:

ٹماٹر (سلائس)۔ دو عدد

لیٹس لیوز ۔چار عدد

چیڈر چیز (سلائس)۔ چار عدد

ڈیجون مسٹرڈ۔ دو کھانے کے چمچ

ٹماٹو کیچپ ۔ ایک چوتھائی کپ

لوف فرنچ بریڈ۔ ایک عدد

ترکیب:

چکن بریسٹ فلے پر نمک، ڈیجون مسٹرڈ پیسٹ، کالی مرچ، لال مرچ، لہسن، سویا سوس اور تیل لگا کر گرل کریں۔ چکن پک جائے تو اُتار کر اسٹرپس میں کاٹ لیں۔ اب لوف فرنچ بریڈ کو چھ انچ کے ٹکڑوں میں کاٹیں اور ہر ٹکڑے کو درمیان سے لمبائی کے رخ پر کاٹ کر نچلے حصے پر مسٹرڈ پیسٹ لگائیں۔ پھر اس پر ٹماٹر سلائس اور لیٹس لیوز رکھیں۔ اب چکن کی اسٹرپس رکھ کر چیڈر چیز سلائس رکھیں۔ اس کے بعد بریڈ کا دوسرا حصہ رکھ دیں اور ہاتھ سے ہلکا سا دبائیں۔ آخر میں ٹماٹو کیچپ کے ساتھ پیش کریں۔