گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی، 7.1 ارب روپے مالیت کی ای کامرس ٹرانزیکشنز

September 30, 2020

اسلام آباد(اے پی پی) مالی سال 2020 کی تیسری سہ ماہی کے دوران 7.1 ارب روپے مالیت کی ای کامرس ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جنوری تا مارچ 2020 کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 145 کھرب روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔ پے منٹ سسٹم ٹرانزیکشنز سمری رپورٹ کے مطابق بینکاری کی مجموعی ٹرانزیکشنز میں سے پوائنٹ آف سیلز اور ڈیبٹ کارڈ سوائپ مشینز کے ذریعے 102.5 ارب روپے کا لین دین کیاگیا ہے۔ اسی طرح موبائل فون بینکنگ کے ذریعے کی گئی ٹرانزیکشنز کا حجم 467.5 ارب روپے رہا ہے جبکہ انٹرنیٹ بینکاری کی سہولت سے استفادہ کے تحت 748 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے دوران ای کامرس ٹرانزیکشنز کے ذریعے 7.1 ارب روپے کا لین دینا کیا گیا ہے۔ مزید برآں کال سنٹر اینڈ ایکٹو وائس رسپانس (آئی وی آر) کے ذریعے 3.2 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔