رینکنگ اسنوکر: علی حیدر کو مسلسل دوسری شکست

September 30, 2020

کراچی میں بارہویں این بی پی رینکنگ اسنوکر چیمپئن شپ میں سیڈ نمبر آٹھ علی حیدر کو مسلسل دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آغا بلاول نے علی حیدر کیخلاف سنچری بریک کھیلتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔

ٹورنامنٹ کے دوسرے روز بابر مسیح اور نسیم اختر نے بھی سنچری بریک کھیلے۔

نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں جاری چیمپئن شپ کے دوسرے روز علی حیدر کو آغا بلاول نے 1-4 سے شکست دی۔ بلاول نے اس فتح کے دوران 106 کا بریک بھی کھیلا۔

یہ سیڈ نمبر آٹھ علی حیدر کی ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری شکست ہے۔ پہلے میچ میں انہیں محمد اجمل کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

چیمپئن شپ کے دوسرے روز بابر مسیح اور نسیم اختر نے بھی سنچری بریک کھیلے، بابر مسیح نے ماجد علی کیخلاف 2-4 کی فتح سمیٹی اور پانچویں فریم میں 128 کا بریک بھی کھیلا جبکہ نسیم اختر نے شرجیل محمود کیخلاف 115 کا بریک کھیلتے ہوئے 2-4 سے فتح حاصل کی۔

دوسرے روز ہونے والے دیگر میچز میں عمر خان، حارث طاہر، مبشر رضا، احسن رمضان، ذوالفقار قادر، محمد سجاد اور محمد بلال نے بھی اپنے اپنے میچز جیت لیے۔