غیرملکی فلمی میلے میں دو پاکستانی دستاویزی فلموں کی نمائش

October 01, 2020

پیرس(مانیٹرنگ ڈیسک)غیر ملکی فلمی میلے میں پاکستان میں کوہ پیمائی سے متعلق 2 دستاویزی فلموں کی نمائش کی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فرانس اور پولینڈ سے پاکستان کے بلند وبالا پہاڑی علاقوں تک کوہ پیمائی اور پیرا گلائیڈروں کی مہم پر مبنی دو دستاویزی فلمیں 23 اور 24 ستمبر کو پیرس میں ایک فلمی میلے میں نمائش کے لئے پیش کی گئیں۔قراقرم میں گم، 30 منٹ کی دستاویزی فلم جو پاکستان کے قراقرم حدود میں پیرا گلائیڈنگ سے متعلق ہے، ڈیمین لاکاز، انٹائن گیارارڈ اور جریمی چنال کی ہدایتکاری میں بنائی گئی۔یاد رہے اس دستاویزی فلم میں اس علاقے کو دنیا کے خوبصورت پہاڑی مقامات میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔ یہ فلم فرانسیسی پیرا گلائیڈرز کی 7027 میٹر اونچی اسپانٹک چوٹی پر چڑھنے کی کوشش پر مبنی تھی۔جبکہ دوسری دستاویزی فلم جس کا عنوان آخری ماؤنٹین ہے اس کا دورانیہ 83 منٹ ہے۔ ڈارس زلوسکی کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم پولش کوہ پیماؤں کی 2018، کے ٹو 2 مہم پر مبنی ہے۔اس حوالے سے منتظمین کا کہنا تھا کہ پاکستان فرانسیسی کوہ پیماؤں کے لئے ایک کلیدی منزل ہے اور لوگ ان خوبصورت مقامات اور بلند پہاڑوں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔