دل چسپ و عجیب

October 18, 2020

سوکھے پتے کی طرح دکھنے والی تتلی

پیارے بچو! دنیا میں قدرت کی تخلیق کے ایسے شاندار نظارے ہیں، جنہیں دیکھ کر انسانی عقل دنگ رہ جاتی ہے۔

دنیا میں بے شمار پھول، پھل، پودے اور کیڑے ایسے ہیں جنہیں دیکھ کر ہم حیران رہ جاتے ہیں۔ آج ہم آپ کو ایسی ہی ایک تتلی کے بارے میں بتارہے ہیں، جس کا نام دی ڈیڈ لیف بٹرفلائےہے اور یہ ٹروپیکل ایشیا میں پائی جاتی ہے جو دکھنے میں ایک سوکھے پتے کی طرح ہوتی ہے۔جیسے ہی تتلی کو محسوس ہوتا ہے کہ آس پاس کوئی خطرہ موجود ہے تو وہ فوراً اپنے پر بند کرلیتی ہے، جس سے یہ اندازہ لگانا ناممکن ہوجاتا ہے کہ یہ تتلی ہے یا کوئی سوکھا پتا۔جب اسے لگتا ہے اب اس کے آس پاس کوئی خطرہ موجود نہیں ہے تو یہ واپس اپنے پر کھول لیتی ہے جو کہ اندر سے بے حد خوبصورت اور رنگ برنگے ہوتے ہیں۔

گوشت خور پودے

ساتھیو! یہ تو آپ جانتے ہی ہوں گے کہ انسان اور جانور دونوں ہی گوشت خور ہوتے ہیں۔ لیکن کیا کبھی یہ سنا ہے کہ درخت بھی گوشت خور ہوتے ہیں۔یہ گوشت خور درخت افریقہ کے جنگلات میں پائے جاتے ہیں ۔ان کا نام Carnivorous Plant ہے۔ ان پودوں کی خوراک میں چھوٹے جانور جیسے چوہا ' خرگوش وغیرہ اور حشرات شامل ہیں۔ دنیا میں پودوں کی 500کے قریب ایسی قسمیں ہیں جو گوشت کھاتی ہیں۔

یہ پودے شائد بہت کم انسانوں نے دیکھے ہوں گے لیکن ان کا وجود ہے۔ دنیا کے کچھ خطوں میں قدرت کے یہ عجیب وغریب شاہکار اپنی موجودگی کا پتہ دیتے ہیں۔ اسی طرح بعض درختوں کے پتے ایسے ہوتے ہیں جو اپنے شکار کے گرد لپٹ جاتے ہیں۔ یہ پتے صرف کیڑے مکوڑوں کا شکار کرتے ہیں۔