دہی اور رائتہ سے کریں کھانے کا لطف دوبالا

October 17, 2020

دودھ سے تیار کیا جانے والا دہی صدیوں سے انسانی غذاکا حصہ ہے۔ غذائیت سے بھرپور دہی جگر کی گرمی دور کرنے، موٹاپا کم کرنے، ہاضمہ، دل و دماغ، ہڈیوں اور دانتوں کی مضبوطی کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ دہی ہمارے نظامِ ہضم کو بہتر بناتا ہے بالخصوص گیس اور بدہضمی میں خاصا فائدہ پہنچاتا ہے۔ دہی سے بچوں کو بنیادی غذائیت ملتی ہے اور یہ ان کی نشوونما میں خاصا اہم کردار ادا کرتا ہے۔

بچوں کو دہی کھلانے کے لیے اس میں شہد یا پھر مختلف پھلوں کے ٹکڑے شامل کیے جا سکتے ہیں۔ تمام ڈیری مصنوعات میں دہی سب سے زیادہ کھایا جاتا ہے۔ دہی کو گھرپر بآسانی جمایا جا سکتا ہے، جس کے لیے نیم گرم دودھ میں ایک سے دو چمچے دہی یا لسّی ملا کر برتن ڈھک کر کسی کھلی اور نسبتاً گرم جگہ رکھ دیں۔ چند گھنٹوں میں بہترین دہی جم جائے گا۔ اسے مختلف پکوان میں ڈالا جاتا ہے جبکہ دہی سے بنی لسّی اور رائتے بھی بہت پسند کیے جاتے ہیں۔ دہی سے بننے والی چند مزیدار تراکیب قارئین کی خدمت میں پیش ہیں۔

دہی بھلے

درکار اجزاء :

ماش کی دال۔ آدھا پائو

زیرہ۔ دو چائے کے چمچ

ہرا دھنیا۔ دو کھانے کے چمچ

کالی مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

چاٹ مسالہ۔ ایک چائے کا چمچ

تیل۔ حسب ضرورت

ترکیب:

ماش کی دال کو چار گھنٹے تک بھگوئیں اور ادرک کے ساتھ چوپر میں ڈال کر پیس لیں۔ ان میں نمک اور مرچ حسب ذائقہ ڈال کر پیسٹ بنا لیں، پھر اس کے چھوٹے چھوٹے کباب بنا لیں۔ کڑاہی میں دہی بڑوں کے ان کبابوں کو تل لیں۔ اب دہی میں نمک، زیرہ،کٹا ہوا ہرا دھنیا، کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر پھینٹ لیں۔ سرونگ ڈش میں دہی بھلے ڈال کر اوپر دہی کا مکسچر پھیلائیں اور چاٹ مسالہ اور ہرا دھنیا چھڑک کر پیش کریں۔

چائنیز دہی بھلے

درکار اجزاء:

دہی۔ آدھا کلو

مایونیز۔ایک کپ

کریم۔ ایک پیک

سفید چنے (ابلے ہوئے)۔ ایک کپ

میکرونی (ابلی ہوئی )۔ ایک کپ

آلو ( ابلے ہوئے )۔ دو عدد درمیانے

گاجراور شملہ مرچ (باریک کٹی ہوئی)۔ حسبِ ضرورت

پیاز(باریک کٹی ہوئی)۔ حسبِ ضرورت

چکن (بون لیس )۔ ایک پاؤ

سفید مرچ۔ حسبِ ضرورت

نمک۔ حسب ذائقہ

ترکیب :

بون لیس چکن کو سویا سوس اور سرکا لگا کر تھوڑی دیر کے لئے رکھ دیں۔ دہی کو ایک باؤل میں ڈال کر پھینٹ لیں لیکن دھیان رہے کہ دہی کھٹا نہ ہو۔ اس میں سفید مرچ اور نمک مکس کریں، پھر اس میں کریم اور مایونیز ڈال کر مکس کریں۔ اب اس میں باریک کٹی ہوئی گاجریں اور شملہ مرچ شامل کردیں۔ کٹی ہوئی پیاز،ابلے چنے،ابلے آلو اور ابلی ہوئی میکرونی شامل کریں۔ اب فرائی پین میں ایک چمچ تیل ڈالیں اور اس میں چکن پکائیں۔ تھوڑی دیر کے لئے اسے ڈھک دیں تاکہ یہ گل جائے۔ اب اس کو بھی دہی میں شامل کر کے سب چیزیں مکس کرلیں۔ تھوڑی دیر فریج میں رکھیں اور اس کے بعد کھا لیں۔

دہی پکوڑا چاٹ

درکار اجزاء:

دہی۔ ایک کلو

بیسن۔ ایک پاؤ

لہسن۔ چھ جوئے

پیاز۔ ایک عدد

ہری مرچ ۔چھ عدد

پسی ہوئی لال مرچ۔ حسب ذائقہ

ادرک۔ چھوٹا ٹکڑا

نمک۔ حسب ذائقہ

میٹھا سوڈا۔ ایک چمچ

سیاہ زیرہ ۔حسب ضرورت

گھی ۔حسب ذائقہ

ترکیب:

پہلے بیسن میں لہسن، پیاز، ادرک اور ہری مرچ پیس کر ملا لیں اور پھر اس میں سوڈا، نمک اور پسی ہوئی لال مرچ ڈال کر گھول لیں۔ اسے آدھا گھنٹہ بھیگوئے رکھیں اور اس کے بعد کڑاہی میں تیل کڑاکڑائیں۔ آنچ ہلکی رکھ کر پکوڑے تل لیں ۔ بادامی رنگ ہونے پر انہیں نمک ملے ہوئے ٹھنڈے پانی میں ڈالتے جائیں۔ دہی میں تھوڑا سا پانی ملا کر اسے خوب پھینٹ لیں اور پھر نمک،مرچ اور سیاہ زیرہ ڈال دیں۔ اب پکوڑے نچوڑ کر اس میں ڈالتے جائیں، چند منٹ تک بھیگا رہنے دیں۔ لیجیے نہایت مزیداردہی کی مسالہ دا رپکوڑا چاٹ تیار ہے۔

فروزن فروٹ

درکار اجزاء:

دہی۔ ایک پاؤ

کریم۔ تین کھانے کے چمچ

چینی۔ دو کھانے کے چمچ

اسٹرابیری، انگور اور بلیو بیری۔ تمام پھل ملاکر ڈیڑھ پیالی

ترکیب:

دہی میں کریم اور چینی ملا کر پھینٹ لیں، پھر تمام پھلوں کو اس میں ڈبوکر پلیٹ میں رکھ کر جمالیں۔ انگور کے دانوں کو ٹوتھ پک یا شاشلک اسٹک میں لگا کر دہی میں ڈالیں اور پھر جما دیں۔ فروزن فروٹ کھانے کے بعد بہترین میٹھا ہے اور بچوں کی بے وقت کی بھوک کا بھی بہترین حل ہے۔

دہی کی لسّی

درکار اجزاء:

دہی۔ آدھا کلو

چینی یا نمک۔ حسب پسند

پانی۔ ایک پاؤ

برف۔حسبِ ضرورت

ترکیب:

دہی کو کسی کھلے منہ کے برتن میں ڈالیں اور مدھانی سے اچھی طرح پھینٹ لیں۔ حسب پسند چینی یا نمک ڈال کر خوب پھینٹ لیا جائے اور جب چینی اچھی طرح سے دہی میں حل ہو جائے تو برف ڈال کر مدھانی چلائیں۔ پھر حسب پسند پانی ڈال کر مدھانی سے اچھی طرح ملا کرگلاسوں میں پیش کریں ۔بالکل اسی طرح آپ دودھ کی لسی بھی بنا سکتے ہیں۔

رائتہ

رائتہ ایک ہلکی غذا ہونے کی وجہ سے زود ہضم ہے۔ یہ جسم کی گرمی کو ختم کرکے توانائی بخشتا ہے۔ دہی ایک پرو بائیوٹک غذا ہے، جس میں بیکٹیریا سے لڑنے کی طاقت ہوتی ہے۔ رائتے کی درجنوں ترکیبیں چولہا جلائے بغیر جھٹ پٹ بنائی جاسکتی ہیں۔ رائتے کو کئی طریقوں سے بنایا جاتا ہے تاکہ آپ ایک ہی طرح کا رائتہ کھا کھا کر بور نہ ہوجائیں۔

کدو کا رائتہ

درکار اجزاء:

کدو۔ آدھا کلو

دہی ۔ ایک کلو

نمک۔ حسب ذائقہ

لال مرچ ۔ حسب ذائقہ

پیاز (باریک کٹی ہوئی)۔ ایک عدد چھوٹا سی

کالی مرچ (پسی ہوئی)۔ چٹکی بھر

زیرہ ۔چٹکی بھر

دھنیا یا پو دینہ(باریک کاٹ لیں)۔ چند ڈنڈیاں

ترکیب:

کدو کو کدو کش کر کے ابال لیں اور ٹھنڈا کر کے نچوڑ لیں۔ دہی میں نمک، لال مرچ، زیرہ اور کالی مرچ ڈالیں، پھر پیاز کدو کش کر کے شامل کر یں اور خوب پھینٹ لیں ۔ اب اس میں ابلا ہوا کدو شامل کر دیں اور اچھی طرح ملا لیں۔ اوپر کٹا ہوا دھنیا یا پو دینہ ڈال دیں۔ لیجیے کدو کا رائتہ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

کیری کھیرے کا رائتہ

درکار اجزاء:

کھیرے کا چورا۔ ایک کپ

دہی۔ ایک کپ

کیری۔ آدھا کپ

پیاز(باریک کترا ہوا)۔ دو کھانے کے چمچ

نمک۔ حسبِ ذائقہ

پسی لال مرچ۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

ہری مرچ۔ ایک عدد

بھگار کے لئے:

تیل۔ دو کھانےکے چمچ

زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ

رائی۔ آدھا چائے کا چمچ

ثابت لال مرچ۔ تین سے چار عدد

کری پتہ۔ چھ سےآٹھ عدد

ترکیب:

کیری اور کھیرے کو کش کر کے پھینٹے ہوئے دہی میں مکس کر لیں۔ اب اس میں کٹی ہوئی ہری مرچیں،پسی لال مرچ اور نمک ڈال کر سرونگ پلیٹر میں نکال لیں۔ ایک فرائی پین میں زیرہ،رائی،کڑی پتہ اور ثابت لال مر چ شامل کر کے رائتہ پر بھگار لگائیں۔ لیجیے کیری کھیرے کا رائتہ تیار ہے۔

باربی کیو رائتہ

درکار اجزاء:

دہی۔ دو پیالی (پھینٹی ہوئی)

پسا ہوا لہسن۔ آدھا چائے کا چمچ

بھنا اورپسا ہوا زیرہ۔ آدھا چائے کا چمچ

پسی ہوئی لال مرچ۔ آدھا چائے کا چمچ

چاٹ مسالہ۔ آدھا چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چوتھائی چائے کا چمچ

پودینہ۔ سجانے کے لیے

ترکیب:

ایک پیالے میں تمام اجزاء ملا لیں اور اسے کوئلے کا دھواں دے کر پودینے سے سجا کر پیش کریں۔

پائن ایپل رائتہ

درکار اجزاء:

پائن ایپل۔ایک کپ

دہی۔ 2کپ

کریم۔ آدھا کپ

زیرہ۔ ایک چائے کا چمچ

نمک۔ ایک چائے کا چمچ

چینی۔ 2کھانے کا چمچ

ترکیب:

دہی میں نمک اور چینی ملا کر اچھی طرح پھینٹ لیں۔ اب اس میں کریم شامل کریں۔ ساتھ ہی بھنا اور پسا زیرہ آدھی مقدار میں ڈالیں۔ آخرمیں پائن ایپل شامل کرکے ٹھنڈا کرلیں۔ پراٹھے کے ساتھ پائن ایپل رائتہ پیش کریں۔

کرکری پالک رائتہ

درکار اجزاء:

دہی۔ آدھا کلو

پسی لال مرچ۔ ایک چائے کا چمچ

بھُنا پسا زیرہ۔ ایک کھانے کا چمچ

پالک۔ آدھا کلو

ترکیب:

دہی میں پسی لال مرچ، بھنا پسا زیرہ اور نمک ڈال کر پھینٹ لیں۔ اب پالک کو باریک کاٹ کر ایک پین میں تیل گرم کرکے اسے کرکری فرائی کریں۔ اب دہی کو سرونگ باؤل میں نکال لیں۔آخر میں کرکری پالک شامل کرکے پیش کریں۔