بائی فولڈ دروازے گھر کو بخشیں ایک نیا انداز

October 18, 2020

دروازوں کی مختلف اقسام و انداز میں ایک قسم بائی فولڈ دروازوں کی بھی ہے یعنی ایسے دروازے، جن کے باہمی جڑے ہوئے پٹوں کو فولڈ کیا جاسکے۔ داخلی راستوںپر تھوڑی بہت قدرتی روشنی لانے یا ہوا کی آمدورفت کے حوالے سے بائی فولڈ دروازے ایک عمدہ آپشن ثابت ہوسکتے ہیں۔

تاہم مٹیریل، سائز اور لاگت کے بارے میں فیصلہ کرنے سے قبل یہ جاننا مشکل ہوسکتا ہے کہ آپ کے گھر کے لیے کیسا بائی فولڈ دروازہ موزوں رہے گا۔آ پ کو اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے بائی فولڈ دروازے کے آپریٹنگ سسٹم ، مٹیریل اور جمالیات کے لحاظ سے دانشمندی سے فیصلہ کرنا ہے۔

کیا بائی فولڈ دروازہ اچھا آئیڈیا ہے؟

کسی بھی گھر کے ڈیزائن میں بائی فولڈنگ، سلائڈنگ یا بیلجین (Belgian) ڈور 99فیصد اچھا خیال ہے۔ گوداموں، بڑے ہالز وغیرہ میں بائی فولڈ دروازے آپ کو عام نظر آئیںگے۔ یہ قدرتی روشنی کو اندر آنے دیتے ہیں اور اس کی وجہ سےانسانی صحت اور موڈ پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ لہٰذا گھروں کے لیے بھی بائی فولڈ دروازے ایک عمدہ آپشن ثابت ہوسکتے ہیں۔ یہ دروازے آپ کے گھر کی قدروقیمت میں اضافے کا باعث بھی بنتے ہیں۔ بائی فولڈ دروازوں کی کچھ اقسام کا ذیل میں ذکر کیا جارہا ہے۔

المونیم کے بائی فولڈ دروازے

المونیم کے بائی فولڈ دروازے اپنی مضبوطی اور ہلکے وزن کی وجہ سے ورسٹائل ہوتے ہیں۔ جدید طرز کے گھروں کے لئے انہیں بہترین انتخاب سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ انتہائی پتلے فریم میں آسکتے ہیں۔ ان کی دیکھ بھال آسان ہے اور پائوڈر کوٹڈ ہونے کی وجہ سے یہ پائیدار بھی ہوتے ہیں۔

لکڑی کے بائی فولڈ دروازے

روایتی یا جدید طرز کے گھروں میںخوبصورت اور کلاسیکی انداز کے لیے لکڑی کے بائی فولڈ دروازے لگوائے جاسکتے ہیں۔ انجینئرڈ کیے گئے لکڑی کے یہ دروازے مثالی ہیں کیونکہ ان میں زیادہ استحکام ہوتاہے۔ نرم لکڑی سے بنی مصنوعات ویسے تو سخت لکڑی کے مقابلے میںسستی ہوتی ہیں لیکن گرمی اور نمی کے باعث ان کے ٹیڑھا ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔

اگر آپ نرم لکڑی کے بائی فولڈ دروازے بنواتے ہیں تو ممکن ہے کہ وہ ٹیڑھے پن کا شکار ہوکر اپنے فریمز میںپھنس جائیں۔ تاہم، ان کی ظاہری شکل برقرار رکھنے کے لئے انہیں باقاعدگی سے پینٹنگ یا وارنش کی ضرورت ہوتی ہے۔

مخلوط بائی فولڈ دروازے

اگر آپ عملی طور پر المونیم اور لکڑی کے بائی فولڈ دروازوںمیں سے کسی ایک کے درمیان فیصلہ نہیں کرسکتے تو پھر ایک جامع انتخاب کریں۔ یعنی ایسا ڈیزائن بنوائیں جس میں عام طور پر المونیم فریمز کے اند ر لکڑی لگی ہوتی ہے، یہ دونوں مٹیریل کا بہترین امتزاج ہے۔

بائی فولڈ دروازوںکا سائز

یہ آپ کے گھر کے ڈیزائن اور دیواروں میںچھوڑی گئی جگہ پر منحصر ہے کہ بائی فولڈ دروازوںکا سائز کتنا ہونا چاہیے۔ اگر آپ دروازے نصب کرنے کے لیے کسی کاریگر کو بلارہے ہیں تو وہ سب سے پہلے پیمائش کرےگا اور پھر آپ کو بتائے گا کہ آیا ٹو فولڈ ز دوازے لگیں گے یا پھر تھری فولڈز۔

بائی فولڈ دروازوں میں گلیزنگ کےسائز اور نوعیت سے پینل کا وزن متاثر ہوتا ہے اور ہارڈ ویئر سسٹم میں زیادہ سے زیادہ انفرادی پینل کے وزن ، چوڑائی اور اونچائی کی پابندیاں ہوتی ہیں۔ المونیم پینل کے کم سے کم سائز کو تین پینل سیٹ کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے جس کی چوڑائی 600ملی میٹر فی پینل ہوتی ہے لیکن عام طور پر پینل کی چوڑائی 800ملی میٹر سے لے کر 1200 ملی میٹر تک ہوتی ہے۔ 2400ملی میٹر والے چوڑے دروازوں کے لیے چھوٹے سائز کے پینلبہتر ثابت ہوتے ہیں۔

آپریٹنگ سسٹم کا انتخاب

دو اہم اصطلاحات، جو بائی فولڈ دروازوں کی تنصیب کے حوالے سے آپ کو جاننا ہوں گی وہ ہیں ’ٹاپ ہنگ‘(top-hung) اور ’بوٹم رولنگ‘ (bottom-rolling)۔ دونوں ہی سسٹم دروازوں کے وزن کو برداشت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان سسٹمز میں سلائڈنگ دروازوں سے زیادہ پائیداری ہوتی ہے۔

ٹاپ ہنگ: ا س کے فریم ہیڈ میں آپریٹنگ میکانزم کا بڑا حصہ چھُپ سکتاہے۔ اس کےاوپری حصے میں گندگی اور کچرا جمع ہونے کا امکان بھی کم ہوتاہے۔ ان دروازوں کا وزن برداشت کرنے کے لیے ان کے اوپر کافی مضبوط سلیب یا بیم کی ضرورت ہوتی ہے۔

بوٹم ہنگ: اس سسٹم کو انسٹال کرنا آسان ہے جبکہ نیچے کی پٹری میں گندگی اور کچرا پھنس جانے سے دروازے کی حرکت متاثر ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ فریم کے اوپر سے زیادہ وزن نیچے کی جانب نہ کھینچیں۔

بائی فولڈ دروازہ کھولنے کے آپشنز

ایک بار جب آپ دروازے کی چوڑائی کا اندازہ کرلیں تو دستیاب تختوں یا پینلز کی چوڑائی کی جانچ کریں۔ اس کے بعد آپ اس کی ترتیب کا تعین کریں گے جس کے مطابق دروازہ فولڈیا اَن فولڈ کیا جاتاہے۔ پینلز کے کھلنے اور بند ہونے کی ترتیب زگ زیگ ہوتی ہے، یعنی جب دروازہ بند ہوتو لگتاہے ہے اسے عمودی طور پر تہہ کردیا گیا ہے۔