اُمید سہارا دیتی ہے

October 25, 2020

(شعری مجموعہ)

شاعر: رانا خالد محمود قیصرؔ

صفحات: 202

قیمت: 300 روپے

ناشر: مشتاع مطبوعات۔

کتاب ملنے کا پتا:مکان نمبراے/سی اے-35،شاہ فیصل ٹاؤن، ملیر ہالٹ، کراچی۔

رانا خالد محمود قیصرؔکا دوسرا شعری مجموعہ ’’اُمید سہارا دیتی ہے‘‘نظروں کے سامنے ہے۔’’ہندسوں کے درمیاں‘‘ اور ’’ادبی جمالیات ‘‘سے شناخت بنانے والے رانا خالد محمود قیصرؔ اس مجموعے میں اپنی پختہ فکری اور شعری آہنگ کے ساتھ پڑھنے والوں کو متاثر کرتے ہیں۔ کتاب کا عنوان ہی دراصل یہ ثابت کرتا ہے کہ شاعر رجائیت پسند ہے۔

ایک ایسے سماج میں کہ جہاں قدریں اپنی قدر و قیمت کھوتی نظر آتی ہیں،روایت جدّت سے شکست کھاتی، تہذیب تجارت سے ہارتی ہے،اگر کوئی چیز باقی ہے، تو وہ ’’اُمید‘‘ ہے اور یہی ’’اُمید سہارا دیتی ہے‘‘۔ قیصرؔ کے یہاں اُمید کا یہ رنگ بہت خُوب ہے؎’’پھر خزاں نے کیا برباد مِرے دِل کا چمن…پھر بہاروں کی طلب میں دلِ قیصر رویا‘‘۔