• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’میری صحت بالکل ٹھیک ہے‘، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فٹنس پر اٹھنے والے سوالات مسترد کر دیے

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صحت اور عمر سے متعلق خدشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِن کی صحت بالکل ٹھیک ہے۔ 

وال اسٹریٹ جرنل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے میڈیا کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

79 سالہ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اگر وہ اپنی دوسری مدت مکمل کرتے ہیں تو وہ امریکی تاریخ کے سب سے عمر رسیدہ صدر ہوں گے تاہم عمر نے اِن کی کارکردگی پر کوئی اثر نہیں ڈالا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ’میری صحت مکمل طور پر ٹھیک ہے، کچھ بھی غلط نہیں ہے۔‘

انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کیا کہ اُنہوں نے ایم آر آئی نہیں بلکہ سی ٹی اسکین کروایا تھا اور اس طبی جانچ پڑتال پر انہیں افسوس ہے کیونکہ اس سے غیر ضروری قیاس آرائیوں نے جنم لیا۔

 امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ میڈیا ان کی تصاویر کو غلط انداز میں پیش کرتا ہے اور پلک جھپکنے کو بھی نیند قرار دے دیتا ہے۔

صدر ٹرمپ نے انٹرویو کے دوران اعتراف کیا کہ وہ روزانہ 325 ملی گرام اسپرین لیتے ہیں جو عام مقدار سے زیادہ ہے۔ اسپرین خون کو پتلا رکھنے میں مدد دیتی ہے تاہم اسی وجہ سے میرے ہاتھوں پر نیل پڑ جاتے ہیں جنہیں میک اپ سے چھپایا جاتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ ورزش کے شوقین نہیں اور ٹریڈ مل پر چلنا یا دوڑنا اِنہیں بورنگ لگتا ہے البتہ وہ گالف کھیلتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مصروفیت کم کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ توانائی یا صحت کی کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ اہم کاموں پر توجہ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر اپنی اچھی صحت کا کریڈٹ اپنی جینز کو دیتے ہوئے کہا کہ ’میری جینز بہت اچھی ہے۔‘

بین الاقوامی خبریں سے مزید