لوٹن کونسل کوروناسے بچائو کے اقدامات کررہی ہے،کونسلر طاہر ملک

October 24, 2020

لوٹن (اسرار احمد راجہ) کورونا وباکی دوسری لہر سے بچائو کے لیے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل لازمی ہے۔ یہ بات سابق میئر کونسلر طاہر ملک نے لوٹن میں وبا کے نئے کیسز میں اضافہ پر کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کی اور کہا کہ لوگ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کریں۔ طاہر ملک نے جیو، جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوٹن بارو کونسل کمیونٹی کی بہتر صحت اور کورونا سے بچائو کے لیے تمام اقدامات کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کورونا کی وبا نے معیشت کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ لوٹن بارو اس وقت49 ملین کے خسارے میں ہے۔ برطانیہ میں ماہرین کے مطابق کورونا وبا آنے والے دو ماہ میں انتہائی سطح پر جا سکتی ہے اور اس سے نقصان بھی بڑھ سکتا ہے اس لیے ہمیں حکومتی گائیڈ لائن پر سختی سے عمل کرنا ہو گا ۔ طاہر ملک نے ایشین کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ احتیاط کرنا آپ کا کسی پر احسان نہیں بلکہ یہ اپنے ساتھ اور اپنوں کے ساتھ محبت کا ثبوت ہوگا خود بھی عمل کریں اور اپنے ساتھ فیملی اور دوست احباب کو بھی احتیاطی تدابیر پر عمل کرائیں تا کہ پورا لوٹن محفوظ رہ سکے۔ سابق میئر کا کہنا تھا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ لوگ گھروں میں محصور رہنے کی وجہ سے مختلف ذہنی امراض کا بھی شکار ہو جاتے ہیں ایسے میں ہمیں گھر کے اندر یا باہر محفوظ صحت مند اور تعمیری سرگرمیاں جاری رکھنی چاہئیں تا کہ ہم ذہنی طور پر مصروف اور صحتمند رہیں ۔ لوٹن بارو کونسل کو معاشی مشکلات کا سامنا ہے ۔ انھوں نے کہا لوٹن بارو کو معاشی طور پر زیادہ مسائل لوٹن ائر پورٹ پر فلائٹ آپریشن محدود ہونے کی وجہ سے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوٹن کی تمام مساجد اور دیگر مذہبی عبادات گاہیں محفوظ ہیں جہاں پر سختی سے حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے ۔ انھوں نے کاروباری حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں کمیونٹی کا ساتھ دیں اور تمام کاروباری مراکز پر حفاظتی انتظامات کا اہتمام کریں ۔ طاہر ملک کا کہنا تھا کرسمس پر عموماً شاپنگ کا رجحان بڑھ جاتا ہے اور اجتماعات ہوتے ہیں مگر اس بار ہمیں احتیاط کرنا ہوگی ۔ ربیع الاوّل کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہمیں نبی کریمﷺ کی بتائے ہوئے راستے پر چلتے ہوئے انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے اور یہی حضورﷺسے محبت اور آپ ﷺ کی ولادت کا جشن منانے کابہترین طریقہ ہے۔انھوں نے مسلم کمیونٹی سے اس بار میلاد النبی ﷺ گھروں میں رہ کر منانے کی درخواست کی۔