بابراعظم، شاداب خان کا جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا عزم

October 24, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان نے جارحانہ حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آغاز 30 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم سے ہوگا۔

وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اس حوالے سے کہا کہ ٹیم لیڈرز کی حیثیت سے میں اور شاداب اپنی فٹنس سے باقی کھلاڑیوں کے لیے مثال بننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ زمبابوے کو آسان حریف نہیں سمجھیں گے، مثبت حکمت عملی اور جارحانہ انداز کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔

نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ورلڈ سپر لیگ کا ایک، ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کے خلاف میچز میں کامیابی سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

قومی اسکواڈ زمبابوے سیریز کے لیے 26 اکتوبر کو لاہور سے راولپنڈی پہنچےگا، جہاں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔