حکومت نے 3 دن قبل خط بھیجا تھا، مسجد کو خطرہ ہے، مہتمم شیخ رحیم اللّہ

October 28, 2020

پشاور کے مدرسہ جامعہ زبیریہ کے مہتمم شیخ رحیم اللّہ نے کہا ہے کہ حکومت نے تین دن قبل خط بھیجا تھا کہ مسجد کو خطرہ ہے جس پر ہم نے سیکورٹی کا مطالبہ بھی کیا تھا لیکن ہمیں کوئی سیکورٹی نہیں دی گئی۔

مدرسہ جامعہ زبیریہ کے مہتمم شیخ رحیم اللّہ نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کئی سال اس علاقے میں گزارے ہیں لیکن کبھی کسی کو کوئی تکلیف نہیں پہنچائی۔

مہتمم مدرسہ جامعہ زبیریہ نے کہا کہ چار سال قبل بھی یہاں ہم پر فائرنگ ہوئی تھی لیکن کسی نے بھی ہم سے نہیں پوچھا۔

اُنہوں نے کہا کہ مسجد کے گیٹ پر ہماری اپنی سیکورٹی تھی مگر اس کے پاس اسلحہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پشاور کے رنگ روڈ پر دیرکالونی میں واقع مدرسہ جامعہ زبیریہ میں بم دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں طلبہ سمیت 8 افراد شہید جبکہ 2 اساتذہ سمیت 112 افراد زخمی ہوگئے تھے، جن میں سے 10 زخمی طلبہ کی حالت نازک ہے۔

دھماکے سے قریبی علاقہ لرز اٹھا اور مدرسے کی عمارت کو نقصان پہنچا، دھماکے کے بعد مسجد میں نعرۂ تکبیر، اللّٰہ اکبر کے نعرے گونج اٹھے۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے وقت درسِ حدیث جاری تھا، اس دوران نامعلوم شخص مدرسے میں آیا جس نے ان کے قریب بیگ رکھا، جیسے ہی وہ اپنے جوتے لینے کے بہانے باہر نکلا دھماکا ہو گیا۔

بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکے میں 7 کلو گرام وزنی دھماکا خیز مواد استعمال ہوا ہے۔