این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے طالب علم محمد طلحہ شہید کو وائس چانسلر کا خراج تحسین

November 02, 2020

این ای ڈی انجینئرنگ یونیورسٹی کے شعبہ انڈسٹریل انجینئرنگ کے طالب علم محمد طلحہ فائنل سمسٹرکے اختتام سے چند ہفتے پہلے ڈرائیونگ کر رہے تھے کہ اچانک ایک خاتون سڑک پر آگئ اس کوبچانے کی کوشش میں خود جان کی بازی ہار گیا ۔ گرچہ یہ واقعہ آٹھ مارچ 2019 کو پیش آیا۔ اس واقعے میںمحمد طلحہ کی انسان دوستی اور دلیرانہ شہادت پر گزشتہ دنوں یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے طلحہ کے نام پر تعلیم گاہ کے احاطے میں صدقہ جاریہ کے طور پر ایک یادگار درخت لگایا ۔

اس سلسلے میں ایک تقریب بھی منعقد ہوئی ،جس میں یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کے علاوہ طلحہ شہید کے والد عبدالستار بھی شریک ہوئے۔ وائس چانسلر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد طلحہ ایک ہونہار طالب علم تھے اور انہوں نے ایک انسانی جان بچانے کی خاطر اپنی جان قربان کرکے ایک بڑی نیکی انجام دی ہے، اللہ تعالیٰ انہیں اس کا بہترین اجر عطا فرمائے۔ وائس چانسلر کی جانب سے مرحوم طالب علم کی قربانی کے اعتراف میں ایک توصیفی سرٹیفکیٹ بھی دیا گیا ۔