’کرونا وائرس‘ بچوں کیلئے حفاظتی تدابیر

November 15, 2020

ایاز قیصر

پیارے بچو! کرونا وائرس یا کووڈ 19 کی وباء نے تین ماہ کے وقفے کے بعد ملک میں پھر زور پکڑ لیا ہے،کاروبار زندگی معطل ہوگیا ہے۔ پاکستان میںکوروناسے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جب کہ اموات بھی بڑھتی جارہی ہیں۔ پاکستان میں اس بیماری کے متاثرین کی تعدادیومیہ ایک ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔اس صورت حال کے پیش نظر بچوں میں اس بیماری سے متعلق آگہی بہت ضروری ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق کووڈ 19 کے جرثومے ناک اور منہ کے راستےجسم میں داخل ہوتے ہیں۔ ہمارے جسم کے خلیے اس وائرس سے متاثر ہونا شروع ہوتے ہیں اور’’ انٹرفیرون‘‘ کہلانے والے کیمیکلز کا اخراج شروع کردیتے ہیں۔ یہ عمل اتنے پوشیدہ اندازمیں ہوتا ہے کہ متاثرہ شخص کو پتہ ہی نہیں چلتا کہ وہ ایک مہلک مرض میں مبتلا ہوتا جارہا ہے۔

کووِڈ 19 کا آغاز پھیپھڑوں کی بیماری کے طور پر ہوتا ہے ، پھر اس کا پورا جسم متاثر ہوجاتاہے۔بیماری کی خاص علامات میں مریض کو مسلسل کھانسی یا چوبیس گھنٹوں میں تین مرتبہ کھانسی کے دورے پڑتے ہیں۔

اس کے جسم کا درجہ حرارت 100 فارن ہائٹ یا اس سے زیادہ ہوجاتا ہے۔اس کےسونگھنے اور چکھنے کی حِس ختم ہوجاتی ہے۔ کووڈ سے متاثر ہونے والے 85 فیصد لوگوں میں کم از کم ایک علامت ظاہر ہوتی ہے۔

اگر آپ میں ان میں سے کوئی ایک بھی علامت ہے تو جلد از جلدکووڈ 19 ٹیسٹ کروائیں اور کسی بھی وجہ سے گھر سے باہر نہ نکلیں۔کروناٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آنے کی صورت میں خود کو اپنے گھر والوں سے الگ تھلگ کرلیں یعنی قرنطینہ میں چلے جائیں اور اس وقت تک سب سے الگ رہیں جب تک دوسری مرتبہ ٹیسٹ کا نتیجہ منفی نہ آجائے۔عموماً انفیکشن ہونے سےلے کر علامات ظاہر ہونے تک اوسطاً کم از کم پانچ دن کا عرصہ لگتا ہے لیکن عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ اس میں 14 دن بھی لگ سکتے ہیں۔کووڈ 19 کے جرثومے کو اپنےسے دور رکھنے کے لیےخود حفاظتی اقدامات کے طور پر چند احتیاطی تدابیر اختیار کی جاسکتی ہیں۔

* لوگوں سے ہاتھ ملانے اورگلے ملنے سے اجتناب برتیں۔

* ہاتھوں کو باقاعدگی سے صابن اور صاف پانی سے کم از کم 20 سیکنڈ تک دھوئیں۔

* بغیر دھلے ہاتھوں سے آنکھوں، ناک یا منہ کو نہ چھوئیں

* کھانستے وقت اپنے منہ کو ٹشو پییرسے ڈھانپ لیں

* استعمال شدہ ٹشو کو ہمیشہڈسٹ بن میں ڈالیں

* ہجوم میں جانےکی بجائے گھروں میں رہیں

* باہر کھیل کود سے گریز کریں

* اپنے منہ اور ناک کو باہر نکلتے وقت ماسک سے ڈھانپیں

* باہر سے گھر میں داخل ہوتے وقت ہاتھوں کو سینی ٹائزر سے واش کریں

اسکولوں کی انتظامیہ حکومت کی طرف سے جاری کردہ ہدایات اور ایس او پیز کی خود بھی پابندی کریں اور طلبہ سے بھی کرائیں۔

اوپر بتائی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے نہ صرف بچےبلکہ بڑے بھی کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں