بھارت: تھانے میں منفرد مشق، علاقے کے بدمعاشوں کو دعوت

November 23, 2020

بھارتی ریاست مدھیا پردیش کے ایک تھانے میں منفرد مشق سامنے آئی ہے جہاں ہر ہفتے تھانہ محلے کے بدمعاشوں کو مدعو کرتا ہے اور انہیں ایکسرسائز کروائی جاتی ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ منفرد کام اندور کے ایک پولیس اسٹیشن راؤجی بازار میں کیا جاتا ہے۔

ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس اندور ویسٹ راجیش ویاس کا کہنا ہے کہ علاقے کے تمام بدمعاشوں کو تھانے آنے کی دعوت دی جاتی ہے جہاں ان کی ذاتی معلومات کو اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اس منفرد اقدام کا مقصد ان بدمعاشوں کا ڈیٹا جمع کرنا ہے جن پر پولیس کی پہلے سے ہی کڑی نظر ہے۔

راجیش ریاس نے کہا کہ ان بدمعاشوں کو جمع کرکے ترغیب دی جاتی ہے کہ وہ جرائم سے دور رہیں۔

انھوں نے بتایا کہ اس دوران ان لوگوں سے ورزش بھی کروائی جاتی ہے تاکہ ان میں فٹنس سے متعلق آگاہی بھی پھیلائی جاسکے۔

اندور کے اس پولیس افسر نے بتایا کہ انھیں اس منفرد اقدام پر علاقے کے بدمعاشوں کی جانب سے مثبت ردِعمل ملا ہے۔