مقابلے میں مارے جانے والے بنگلے کے ڈرائیور کا معمہ حل نہ ہوسکا

November 28, 2020

کراچی کےعلاقے ڈیفنس فیز 4 میں مشکوک مقابلے میں مارے جانے والے بنگلے کے ڈرائیور محمد عباس کی ہلاکت کا معمہ حل نہ ہوسکا۔ پولیس اب تک ہلاک ڈرائیور کا کوئی کرمنل ریکارڈ پیش نہیں کرسکی۔

کراچی میں ڈیفنس فیز 4 میں مبینہ مقابلہ مزید مشکوک ہوگیا۔ پولیس مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایڈووکیٹ علی حسنین کے ڈرائیور محمد عباس کا کوئی کرمنل ریکارڈ پیش نہیں کرسکی۔

محمد عباس کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ ان کا بھائی نہ کبھی گرفتار ہوا اور نہ ہی اس کیخلاف کبھی کوئی مقدمہ درج ہوا۔

واقعہ کی عینی شاہد اور ایڈووکیٹ علی حسنین کی پڑوسی کا کہنا ہے کہ گھر میں داخل ہونے والے تمام افراد سادہ لباس میں تھے، فائرنگ پولیس کے گھر سے جانے کے 20 منٹ بعد ہوئی۔

دوسری جانب ایڈووکیٹ علی حسنین کا کہنا تھا کہ پولیس نے ماورائے عدالت قتل کیا ہے ۔ ان کے ڈرائیور کا کسی ڈکیت گروہ سے تعلق نہیں، اگر گاڑی کسی واردات میں استعمال ہوئی تو ثبوت پیش کیا جائے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے مبینہ ڈاکوؤں کے سرغنہ کا پنجاب پولیس سے بھی ریکارڈ منگوالیا گیا ہے، جبکہ پولیس مقابلے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔