پاکستانی فلم ’زندگی تماشا‘ آسکر میں بھیجنے کیلئے منتخب

November 28, 2020

پاکستانی اداکار و ڈائریکٹر سرمد کھوسٹ کی متنازع فلم ’زندگی تماشا‘ کو 93ویں اکیڈمی ایوارڈ کی بین الاقوامی کیٹیگری کے لیے بھیجنے کے لیے منتخب کرلیا گیا ہے۔

اس فلم کو پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے آسکر ایوارڈز کی بین الاقوامی فلم کیٹیگری کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

بین الاقوامی کیٹیگری کی نامزدگی کا فیصلہ اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنس کی جانب سے آئندہ برس کیا جائے گا۔

سرمد کھوسٹ کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں ایمان سلیمان، عارف حسین اور سامیہ ممتاز نے مرکزی کردار نبھایا۔

فلم اپنے ٹریلر کے جاری ہونے کے بعد ہی تنازع کے شکار ہوئی جبکہ اس کے ذریعے کچھ لوگوں کے جذبات بھی مجروح ہوئے جس کے بعد اس کی ریلیز روک دی گئی۔

فلم سے متعلق سرمد کھوسٹ نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط لکھا جس میں انھوں نے کہا کہ میں نے یہ فلم زندگی تماشا کسی کو دکھ پہنچانے یا الزامات لگانے کے لیے نہیں بنائی، یہ ایک اچھے مسلمان کی کہانی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس فلم میں انھوں نے کسی جماعت کو نشانہ نہیں بنایا۔