سیاسی جلسوں کو روکنے کیلئے آمرانہ طرز عمل ناکام ہوگا ،لیاقت بلوچ

November 30, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں جے آئی یوتھ اور جنوبی پنجاب طلبہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کا بیانیہ اور عوام کے حالات میں کوئی تال میل نہیں ۔ غریب اور متوسط طبقہ کا کچومر نکل گیاہے اور عمران خان نہ جانے کس ترقی اور حالات کی بہتر ی کی باتیں کر رہے ہیں ۔ روزگار کی فراہمی کی بجائے عوام کا معاشی قتل تیز رفتار ہوگیاہے ۔سیاسی جلسوں کو روکنے کے لیے حکومتی آمرانہ طرز عمل ناکام ہوگا ۔ علاوہ ازیںڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اظہر اقبال حسن اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے اپنے مشترکہ بیان میں جنوبی پنجاب میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پی ڈی ایم کا حصہ ہے اور نہ ہی ہمارا ملتان کے جلسے سے کوئی تعلق ہے۔ حکومت ہمارے کارکنوں کو فی الفور رہا کرے۔ اور معافی مانگے۔کل رات چشتیاں میں ہمارے کارکنان کے گھروں پر رات گئے چھاپے مارے گئے۔ عمران خان تسلیم کر لیں کہ ان میں حکومت چلانے کی صلاحیت نہیں اور نہ ہی ان کے پاس ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی ٹیم ہے ۔ لیاقت بلوچ نے پی ڈی ا یم کے ملتان جلسہ کے لیے رکاوٹوں ، گرفتاریوں اور غیر جمہوری اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پرامن جلسے اور حکومت کے عوام دشمن اقدامات احتجاج پریشان حال عوام کی ترجمان اپوزیشن جماعتوں کا آئینی، سیاسی، جمہوری حق ہے ۔ لیاقت بلوچ نے میاں محمد نواز شریف ، میاں شہباز شریف کی والدہ اور مریم نواز ، حمزہ شہباز کی دادی کے انتقال پر تعزیت اور صدمہ کا اظہار کیا ۔ بلوچستان کے بزر گ رہنما ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ نے لیاقت بلوچ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔