جنرل ہسپتال میں بروقت علاج کیلئے کلر کوڈنگ سسٹم متعارف

November 30, 2020

لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال شعبہ ایمرجنسی میں 10بستروں پر مشتمل خصوصی" ٹرائی ایج" میں مریضوں کے بروقت علاج و رہنمائی کیلئے کلر کوڈنگ سسٹم متعارف کروا دیا گیا اور مریض کی نوعیت و بیماری کی شدت اور علامات کو مدنظر رکھتے ہوئے کلر کوڈنگ کے تحت بستر پر متعلقہ مریض کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تسلی بخش انتظامات کئے گئے ہیں جس سے مریض کی جان بچانے میں مدد ملے گی۔پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے بتایا کہ ٹرائی ایج میں راؤنڈ دی کلاک ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ 40نرسیں 3شفٹوں میں فرائض سر انجام دیں گی۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ مالی سال کے دوران شعبہ حادثات میں 8لاکھ 51ہزار 813مریض لائے گئے اور کہا کہ ہسپتال میں آنے والے کسی بھی مریض کے کوائف /بیماری کا ریکارڈ ایم آر نمبر کے تحت درج ہوتا ہے جس سے بیمار کے دوبارہ آنے پر اس کی سابق ہسٹری علاج معالجے میں معاون ثابت ہوتی ہےانہوں نے بتایا کہ ٹرائی ایج سسٹم کو مزید موثر طریقے سے چلانے کیلئے ڈاکٹرز، نرسز کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے اور مستقبل میں بھی تربیتی ورکشاپس منعقد کروائی جائیں گی تاکہ وہ مریضوں کا بہتر طریقے سے علاج معالجہ کر سکیں۔