بیلجیئم میں آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے کورونا ویکسی نیشن مراحل کا اعلان

December 03, 2020

بیلجیئم میں آئندہ ماہ سے کورونا وائرس کے خلاف مدافعت کی ویکسین لگنا شروع ہو جائے گی۔

یہ بات مختلف بیلجئین ریجنز کے پبلک ہیلتھ منسٹرز کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں بتائی گئی۔

اس موقع پر ویکسین کے حوالے سے ترجیحات کا بھی اعلان کیا گیا۔ اور بتایا گیا کہ فائزر کی جانب سے پہلے مرحلے میں صرف 6 لاکھ ویکسین فراہم کی جارہی ہے جو 3 لاکھ افراد کو لگائی جاسکے گی۔

یاد رہے کہ ہر شخص کو تین ہفتے کے درمیان 2 مرتبہ یہ ویکسین لگانی ہوگی جسے منفی 75 ڈگری پر اسٹور کیا جائے گا۔

ان ترجیحات کے مطابق یہ ویکسین مختلف گروہوں میں تقسیم ہوگی۔ ان گروہوں کو A اور B ذیلی گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

لیکن سب سے پہلے یہ کئیر سینٹرز میں اپنی زندگی کے دن گزارنے والے بزرگوں اور وہاں کام کرنے والے عملے کو مہیا کی جائےگی۔ اس کے بعد اسپتالوں میں کام کرنے والے عملے اور فرسٹ لائن ہیلتھ ورکرز جبکہ اسی مرحلے میں اسپتالوں کے تمام شعبوں میں کام کرنے والے اور مختلف سماجی خدمات فراہم کرنے میں بالمشافہ شریک افراد تک پہنچائی جائے گی۔

بعد ازاں آئندہ کے مراحل میں 65 سال سے زائد عمر کے افراد اور انتہائی کم قوت مدافعت رکھنے والوں کو اس ویکسینیشن پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔