تمام قومیتوں کی زبانوں کو قومی زبانیں قرار دینا چاہئے، سردار علی شاہ

December 04, 2020

کراچی(مطلوب حسین/اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر ثقافت،سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی چار اکائیاں انتظامی نہیں آئینی ہیں جن کی ہزاروں سال پرانی اپنی زبان و ثقافت ہے،ان زبانوں کو عزت نہیں دینگے تو فیڈریشن کی زندگی کتنی رہے گی ، اردو کے علاوہ تمام قومیتوں کی زبانوں کو بھی قومی زبانیں قرار دینا چاہئے ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آرٹس کونسل میں منعقدہ تیرہویں عالمی اردو کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں اپنے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ نے کبھی نفرت کی بات نہیں کی سندھ محبت کی سرزمین ہے۔اسی سندھ کی تاریخی مقامات کی کھدائی کے دوران کبھی کوئی بندوق نہیں نکلی ۔ اردو سب زبانوں سے بنی ہے، بھارت چھبیس زبانوں کو قومی زبان قرار دے سکتا ہے تو ہم چار زبانوں کو کیوں نہیں۔ حکومت نے تو 1972 میں ہی اردو اور سندھی پڑھانے کا بل پاس کیا لیکن آج تک پرائیویٹ اسکولوں کی زیادہ توجہ انگریزی سکھانے پر ہے۔