پہیلیاں

January 10, 2021

1۔ دلی پہنچے ، ڈھاکہ پہنچے، جا پہنچے قندھار

لندن، پیرس برلن پہنچے، جائے سمندر پار

دنیا بھر کا چکر کاٹے اور نہ دیر لگائے

دیس دیس کی بولی بولے، سب کا جی بہلائے

2۔ ہے چھوٹی سی ایسی شے

پیڑ اک جس کے پیٹ میں ہے

3۔ ٹانگیں چار، مگر بے کار

چلنا پھرنا بھی ہے دشوار

4۔ کان پکڑ کر ناک پہ بیٹھے

ناک چڑھی کہلائے

لوگ اسے آنکھوں پہ بٹھائیں

اپنی شان دکھائے

5۔ کوئی بادل ، نہ کوئی سایہ

لیکن پھر بھی مینہ برسایا

6۔ اک شے جب ہاتھ میں آئے

پانی پی پی کےگھلتی جائے


7۔ کچھ لمبا ، کچھ گول مٹول

لیکن اس کے اندر ہے خول

خوب چھڑی سے اس کو پیٹو

اور پھر سن لو اس کے بول

8۔ تن کی لمبی، سر کی چھوٹی

کردے سب کی بوٹی بوٹی

9۔ ہراہرا، پیلا پیلا

کچھ سوکھا، کچھ کچھ گیلا

نرم نرم اور ڈھیلا ڈھیلا

بن چاقو کے اس کو چھیلا

10۔ ایک ہی گھر میں رہنے والے

آدھے گورے، آدھے کالے

پہیلیوں کے جوابات

جواب 1۔ ریڈیو

جواب 2۔ گٹھلی، ، بیج

جواب 3۔ کرسی، میز

جواب4۔ عینک

جواب 5۔ اوس

جواب 6۔ صابن کی ٹکیہ

جواب 7۔ ڈھول

جواب 8۔ چھری

جواب 9۔ کیلا

جواب 10۔ رات دن