• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اونٹوں کا مقابلۂ حسن: خوبصورتی بڑھانے کیلئے بوٹوکس کروانے پر کئی اونٹ مقابلے سے باہر

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو 

خوب صورتی بڑھانے کے لیے بوٹوکس جیسے مصنوعی کاسمیٹکس پروسیجرز کا استعمال صرف انسانوں تک محدود نہیں رہا بلکہ اب اونٹوں کی بھی خوب صورتی کے لیے مختلف کاسمیٹکس پروسیجرز کا استعمال کیا جانے لگا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط میں اونٹوں کا مقابلۂ حسن منعقد ہوا جہاں کئی اونٹوں کو مقابلے سے اس لیے باہر کر دیا گیا کیونکہ ان کے مالکان نے اونٹوں کی خوبصورتی کو مصنوعی طور پر بڑھانے کے لیے بوٹوکس انجیکشنز لگوائے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بوٹوکس انجیکشنز لگوانے پر مقابلۂ حسن سے تقریباً 20 اونٹوں کو باہر کیا گیا۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ عرب ممالک میں اونٹوں کا مقابلۂ حسن منعقد کرنے والی تنظیم نے اونٹوں کو خوب صورت دکھانے کے لیے اس طرح کے مصنوعی طریقے اپنانے پر سختی سے پابندی عائد کر رکھی ہے، اسی لیے ماضی میں سعودی عرب میں بھی اس طرح کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ عرب اور خلیجی ریاستوں میں اونٹ کو عزت اور وقار کی علامت سمجھا جاتا ہے، وہاں اونٹوں کا مقابلۂ حسن باقاعدگی سے منعقد ہوتا ہے اور اسی سلسلے میں حال ہی میں عمان میں اونٹوں کے درمیان حسن کا مقابلہ ہوا تھا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید