چین کو ملکی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 15 فیصد کمی

January 15, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)چین کو کی جانے والی ملکی برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران15 فیصد کمی ہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ میں جولائی تا نومبر کے دوران چین کو 615.731ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا نومبر کے دوران پاکستان نے چین کو 727.480 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران چین کو کی جانےوالی قومی برآمدات میں 111.749 ملین ڈالر یعنی 15.36 فیصد کمی واقع ہوئی ہے تاہم نومبر 2019 کے مقابلہ میں نومبر 2020 کے دوران برآمدات میں 8.74فیصد اضافہ سے برآمدات کا حجم 141.117 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 153.463ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔ اسی طرح اکتوبر 2020 کے مقابلہ میں نومبر 2020کے دران بھی چین کو کی جانے والی برآمدات میں 15.51 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اکتوبر 2020کے دوران پاکستان نے چین کو 132.847 ملین ڈالر کی برآمدات کی تھیں جبکہ نومبر 2020 کے دوران برآمدات کا حجم 153.463 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔