آسٹریلیا کی مقامی خبریں سرچ نتائج سے غائب ہونے پر گوگل کی وضاحت

January 15, 2021

آسٹریلوی حکومت اور سرچ انجن گوگل کےدرمیان مالی ادائیگی کے معاملہ پر گوگل نے اپنے سرچ نتائج میں آسٹریلیا کی مقامی خبروں کو غائب کردیا۔

اس حوالے سے میڈیا پر خبر سامنے آنے پر گوگل نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایسا ان کے کچھ تجربات کرنے کی وجہ سے ہوا، جس سے اس کے سرچ نتائج سے کچھ میڈیا سائٹس ہٹ جاتی ہیں۔

گوگل ترجمان نے بیان دیا ہے کہ ان کی کمپنی کچھ ایسے تجربات کررہی ہے جس سے آسٹریلیا میں ایک فیصد صارف اثرانداز ہوں گے۔

ان تجربات کا مقصد گوگل سرچ اور نیوز بزنس کا ایک دوسرے پر اثرات کا جائزہ لینا ہے، کمپنی کے مطابق تجربات فروری کے شروع تک ختم ہوجائیں گے۔

دوسری جانب میڈیا آؤٹ لیٹس نے گوگل کے اس اقدام کو غیرمعمولی طاقت کا مظاہرہ قرار دیا ہے۔

آسٹریلوی حکومت گوگل اور فیس بک پر ایک نیا ضابطہ عائد کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جو انہیں مقامی خبروں کی شیئرنگ کیلئے مناسب قیمت پر بات چیت کرنے پر مجبور کرے گی۔