منشیات کے خاتمے کیلئے بھاری رقم مختص

January 22, 2021

لندن (وجاہت علی خان) حکومت نے منشیات کے خاتمہ کیلئے’’ڈرگ ٹریٹمنٹ سروسز‘‘ کیلئے80ملین پائونڈ مختص کردئیے، یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا کہ گزشتہ سال حکومت نے منشیات کے عادی افراد کی مدد کیلئے دی جانے والی رقم میں کٹوتی کی تھی جس کی وجہ سے اس ضمن میں جرائم کی شرح میں بھی اضافہ ہوا اور ان کی یہ عادت چھڑانے کی کوششوں میں بھی کمی ہوئی، 80ملین کے علاوہ حکومت مزید40ملین پائونڈ مختص کررہی ہے جس سے نوعمر منشیات فروشوں (کوریئرز) اور کمزور لوگوں کی مدد کی جائے گی، اس فنڈ سے پولیس اور لوکل کونسلز پولیس کو نشانہ بنانے والے منشیات ڈیلرزکے قلع قمع اور منشیات میں مبتلا لوگوں میں سےیہ عادت ختم کرنےکیلئے ان کی مدد کریں گی، ہوم سیکرٹری پریتی پیٹل کے مطابق اس رقم کے علاوہ بھی148ملین پونڈ کے پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کی مدد سے ’’کائونٹی لائنز ڈرگ ڈیلرز‘‘ سے نمٹا جائے گا اور انہیں گرفتار کیا جائے گا جس پر ابھی سے کام شروع ہوچکا ہے، اس فنڈ سے منشیات کے عادی کمزور اور عمر رسیدہ افراد کی مدد بھی کی جائے گی، ان لوگوں کو بھی قانون کےشکنجے میں لایا جائے گا جو پس پردہ رہ کر لوگوں کو استعمال کرتے ہوئے منشیات کا دھندہ کرتے ہیں، سیکرٹری صحت میٹ ہنکوک نے کہا ہے کہ علت اور جرم ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، چنانچہ حکومت اس سرکل کو توڑنا چاہتی ہے۔