امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ کے بعد کیوبا میں حکومت کی تبدیلی بھی وقت کا سوال ہے۔
وائٹ ہاؤس میں فٹبال کلب انٹر میامی کی آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ پہلے ایران کا معاملہ مکمل کرنا چاہتی ہے، اس کے بعد کیوبا سے متعلق اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے وزیر خارجہ مارکو روبیو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ کیوبا کے معاملے پر بہترین کام کر رہے ہیں۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا دنیا بھر میں اپنی ترجیحات کے حصول کے لیے طاقت کا استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور جہاں بھی ضروری ہوا وہاں کارروائی کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکا پہلے ہی کیوبا پر سخت معاشی پابندیاں عائد کر چکا ہے اور واشنگٹن کی جانب سے کیوبا کی حکومت پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی جاری ہے۔