عدنان صدیقی اسلام آباد کے نجی ریسٹورنٹ مالکان کی وائرل ویڈیو دیکھ کر برہم

January 22, 2021

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے نامور اداکار عدنان صدیقی نےاسلام آباد کے ایک ریسٹورنٹ کی دو خواتین مالکان کی جانب سے منیجر کی انگریزی کا مذاق اڑانے کی ویڈیو پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اس ضمن میں عدنان صدیقی نے اپنے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔

عدنان صدیقی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ’پیسے سے اخلاق اور آداب نہیں خریدے جاسکتے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ریسٹورنٹ کی مالکان نے خراب انگریزی کی وجہ سے اپنے ریسٹورنٹ کے مینجر کا مذاق بنایا اور پھر وہ ویڈیو وائرل کردی جوکہ غیراخلاقی حرکت ہے۔‘

اُنہوں نے شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ان خواتین کے پاس ایسا کوئی حق نہیں ہے کہ وہ اس مینجر کی توہین کریں۔‘

عدنان صدیقی نے مزید کہا کہ ’اب میں کبھی اس ریسٹورنٹ میں قدم نہیں رکھ سکوں گا۔‘

واضح رہے کہ وائرل ہونے والی ویڈیو میں خواتین مالکان نے منیجر کا امتحان لیتے ہوئے اس سے انگریزی میں بات کرنے کو کہا تھا۔

ایسے میں جب وہ منیجر ہچکچاہٹ کا شکار ہو کر روانی سے نہیں بول پایا تو ان مالکان نے اس کا تمسخر اڑایا کہ ’یہ ہمارے منیجر ہیں جو ہمارے ساتھ نو سال سے ہیں، اور تربیت کے باوجود یہ وہ بہترین انگلش ہے جو یہ بولتے ہیں‘۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان مالکانز کے میمز بنا ڈالے جبکہ انہوں نے مالکان سے معافی مانگنے کا بھی مطالبہ کردیا۔

دوسری جانب اس واقعے کے بعد سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شہباز تاثیر نے تضحیک کا نشانہ بننے والے منیجر کو نوکری کی پیشکش کردی اور کہا کہ ان کی منیجر اویس سے بات ہوگئی ہے، وہ پروفیشنل ہے اور پُرجوش ہے، معاملات بھی طے پاگئے ہیں۔