آج کل تُرکی میں موجود پاکستان کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے سلطنت عثمانیہ کی بنیاد رکھنے والے ’ارطغرل غازی‘ کے مقبرے پر حاضری دی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
شوٹنگ کے سلسلے میں تُرکی جانے والے اداکار عدنان صدیقی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں اداکار سلطنت عثمانیہ کے بنیاد رکھنے والے ’ارطغرل غازی‘ کے مقبرے پر موجود ہیں۔
ویڈیو بناتے ہوئے عدنان صدیقی نے اپنے مداحوں کو ’ارطغرل غازی‘ کی قبر دِکھائی اور ساتھ ہی اُن کے مقبرے کے حوالے سے کچھ اہم معلومات بھی فراہم کی ۔
انسٹاگرام پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے عدنان صدیقی نے ایک معلوماتی اور طویل کیپشن لکھا، اُنہوں نے لکھا کہ ’آج کل پاکستان میں ایک بڑی تعداد میں ارطغرل غازی کے مداح موجود ہیں اور ہر ایک ان سے متعلق بہت کچھ جاننا چاہتا ہے لہٰذا میں اسی سلسلے میں آج ارطغرل غازی کے مقبرے پر حاضری دینے آیا ہوں۔‘
عدنان صدیقی نے لکھا کہ ’ارطغرل غازی قائی قبیلے کے سردار تھے جنہوں نے اسلام کی خاطر بہت سی قربانیاں دیں اور فتح اپنے نام کی، اُنہوں نے مسلمانوں اور غیر مسلمانوں دونوں کے لیے ایک ایسی ریاست بنانا چاہی تھی جہاں خوشحالی ہو اور جہاں ہر ایک کو انصاف ملے۔‘
اداکار نے لکھا کہ ’جب میں نے ارطغرل غازی کا مقبرہ دیکھا تھا تو حیران رہ گیا کیونکہ میں نے سوچا تھا کہ ان کا مزار ایک بہت بڑی جگہ پر ہوگا لیکن ایسا بالکل نہیں ہے اُن کا مقبرہ سادہ اور چھوٹی سی جگہ پر بنا ہوا ہے اور یہ مقبرہ ارطغرل غازی کی عظمت اور سادگی کو بیان کرتا ہے۔‘
یاد رہے کہ اس سے قبل عدنان صدیقی نے ترک سیریز ’دیرلیش ارطغرل غازی‘ بنانے والی کمپنی کے آفیشلز سے ملاقات کی تھی۔
عدنان صدیقی کا اپنی انسٹا اسٹوری میں پاکستان ترکی دوستی کی تعریف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’وہ اپنے دورے کے دوران تُرک سیریز بنانے والی کمپنی کے آفیشلز کے ساتھ موجود ہیں، آپ لوگ جَلد ایک خوشخبری سنیں گے۔‘