سستی ایل این جی

January 24, 2021

پاکستانیوں کے لئے یہ خبر اطمینان بخش ہے کہ مائع قدرتی گیس کی فراہمی سے پچھلے ہفتے دو غیرملکی کمپنیوں کے انکار کے باعث پیدا ہونے والے گیس کی شدید کمی کے خدشات بڑی حد تک دور ہوگئے ہیں اور اندرون ملک گیس کی ترسیل کا نظام درست رہا تو لوگوں کے لئے پریشانی کی کوئی بات نہیں ہونی چاہئے۔ وطن عزیز کے لئے بین الاقوامی منڈی میں گیس کی فراہمی کے نرخوں اور سپلائی کی صورت حال کے کچھ مسائل تو وقتاً پیدا ہوتے رہتے ہیں مگر مقامی طور پر پیدا ہونے والی بدنظمی کے باعث بھی صارفین کے لئے مشکلات پیدا ہوتی رہتی ہیں۔ زیادہ منافع یا خفیہ آمدنی کے حصول کیلئے پیدا کی جانے والی ان مصنوعی مشکلات کے سدباب کے لئے موثر تدابیر کے ساتھ جب تک سخت اقدامات نہیں کئے جائیں گے، صارفین کی دشواریاں بڑھتی رہیں گی۔ پچھلے ہفتے دو غیرملکی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان کو ایل این جی کی فراہمی سے ڈیفالٹ کے باعث صورت حال بلاشبہ تشویش انگیز محسوس ہورہی تھی مگر بین الاقوامی منڈی میں اچانک تبدیلی کی صورت حال اور قطری کمپنی کی فوری ٹینڈر کے ذریعے فروری کے آخری حصے کے لئے برنٹ کے 16.33فیصد پر سب سے کم بولی کی پیش کش نے پاکستان کی مدد کی۔ قطر پیٹرولیم ٹریڈنگ (کیوپی ٹی) کی پیش کش اس غیرملکی کمپنی کی قیمت سے 22فیصد کم ہے جس نے 23.4331فیصد پر سب سے کم بولی کے ساتھ 23۔24؍فروری کو ترسیل کے لئے ایل این جی کارگو جیتا تھا مگر پیچھے ہٹ گئی۔ بعدازاں پی ایل ایل نے ہنگامی ٹینڈر جاری کر کے صحت مند مقابلے کے لئے دو وقت کی گنجائش کے ساتھ کئی کمپنیوں سے سات بولیاں حاصل کیں۔ یوں 25۔24؍فروری کی کارگو سپلائی کے لئے سب سے کم بولی مل گئی۔ توقع کی جانی چاہئے کہ کارگو کی بروقت سپلائی اور بعدازاں ترسیل کے اس بار بہتر انتظامات سامنے آئیں گے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998